سرینگر// آج یعنی11مارچ بروز جمعرات کوحضرت محمدﷺ کے عرش اعلیٰ کر مبارک سفر سے منسوب شب معراج کی تقریبات پورے جموں وکشمیر میں روایتی مذہبی عقیدت واحترام کیساتھ منائی جارہی ہیں ۔مسلم وقف بورڈنے اس موقعہ پراعلان کیاہے کہ کوروناوائرس کے خطرے کودیکھتے ہوئے امسال شب معراج کے موقعہ پر بورڈکی زیرنگرانی زیارت گاہوں ،درگاہوں اورمساجد میں شب خوانی کی مجالس کااہتمام نہیں کیاجائیگا۔تاہم وقف بورڈنے واضح کیاہے کہ درگاہ حضرتبل سر ینگرمیں جمعہ کے روز ہرنمازکے بعدفرزندان توحید اورمسلم خواتین موئے مقدس ﷺکے دیدار سے فیضیاب ہونگے۔اسلامی کلینڈرکی رئوسے ہجری سال کے ماہ جب المرجب کی 27تاریخ کوشب معراج منایاجاتاہے اوراس مبارک موقعہ پر مساجد ،خانقاہوں ،درگاہوں اورزیارت گاہوں وآستانوں میں خصوصی مذہبی تقریبات کااہتمام کیا جاتاہے جبکہ عبادتگاہوںمیں شب معراج کے موقعہ پرشب خوانی کی مبارک اوربابرکت مجالس کاانعقادبھی کیاجاتاہے ۔اس مقدس موقعہ پرسب سے عظیم الشان تقریب تاریخی آثارشریف درگاہ حضرتبل سری نگرمیں منعقد ہوتی ہے ،جہاں وادی کے اطراف واکناف سے ہزاروں مسلم مردوزن ،بچے اوردیگرعقیدت مندحاضری دینے کیساتھ ساتھ روح پرورمجالس میںشرکت کرتے ہیں اورپھرہرنماز کے بعدموئے مقدسﷺ کے دیدار سے فیضیاب ہوتے ہیں۔خصوصی دعائیہ مجالس کے دوران فرزندان توحید بارگاہ الٰہی میں ہاتھ اُٹھاکر انفرادی واجتماعی مشکلات اورمسائب سے نجات کیلئے دعائیں کرتے ہیں۔شب معراج کی مقدس تقریب کے موقعہ پرمختلف مذہبی اورسماجی تنظیموں کی جانب سے روایتی خصوصی دعائیہ مجالس اورنعت خوانی کی روح پرورمحفلوں کاانعقادبھی کیاجاتاہے ۔ادھر ٹریفک حکام نے بتایاکہ شب معراج کے موقعہ پر درگاہ حضرتبل جانے والے زائرین کی سہولت کیلئے ٹریفک نظام ترتیب دیاگیا ہے جبکہ درگاہ حضرتبل اوراسکے گردونواح میں بجلی وپانی کی سپلائی کویقینی بنانے کیلئے بھی انتظامات کوحتمی شکل دی گئی ہے ۔