سرینگر//وزیر مال، حج و اوقاف عبدالرحمان ویری اور وزیر مملکت برائے مکانات و شہری ترقی اور سماجی بہبود آسیہ نقاش نے آنے والے شب معراج کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں صوبائی کمشنر کشمیر ، ڈی آئی جی سینٹرل کشمیر، ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ، اننت ناگ ، بڈگام اور بانڈی پورہ کے علاوہ ناظم صحت کشمیر سی ای پی ڈی ڈی ، وی سی لاوڈا ، کمشنر ایس ایم سی ، آر ٹی او کشمیر ، ایس ایس پی ٹریفک اور ایس پی حضرتبل کے علاوہ وقف بورڈ کے ایڈمنسٹریٹر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران آثار شریف حضرت بل ،جناب صاحب صورہ ، آثار شریف کلاشپورہ ، اہم شریف بانڈی پورہ ،کعبہ مرگ اننت ناگ اور پٹھ مکہامہ کے علاوہ کی تقریبات کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔اس موقعہ پر وزیر موصوف نے کہاکہ عقیدت مندوں کی بڑی تعداد تقریبات میں حصہ لینے جارہے ہیں اور انہیں لازمی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جانے چاہئیں۔انہوں نے افسران سے صفائی ستھرائی ، بجلی اور پانی کی سپلائی ، ٹرانسپورٹ اور میڈیکل ایڈ کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کے بارے میں تفصیلات طلب کیں۔ وزیر مال نے مسلم وقف بورڈ پر زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں عقیدت مندوں کے لئے تمام انتظامات کو یقینی بنانے پر زور دیا۔میٹنگ کے دوران مختلف محکموں کے افسران نے شب معراج کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔صحت کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے محکمہ صحت کو تمام زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں طبی امداد کے کیمپوں کے علاوہ ڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔