سرینگر//حریت (گ)چیرمین سید علی گیلانی نے سینئر حریت قائد شبیر احمد شاہ کی تہاڑ جیل میں ان کی بگڑتی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شبیر احمد شاہ کئی جسمانی امراض میں پہلے ہی مبتلا ہیں، لیکن جیل میں انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم نہ کرکے ان کی زندگی سے کھلواڑ کرکے انتقام گیری کی انتہا کردی گئی ہے۔ تہاڑ جیل میں دیگر محبوسین جن میں الطاف احمد شاہ، پیر سیف اللہ، ایاز اکبر، راجہ معراج الدین، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، نعیم احمد خان، ظہور احمد وٹالی، کامران یوسف، شاہد یوسف سمیت دیگر محبوسین کی صحت بھی بُری طرح متاثر ہوچکی ہے۔ اسیران تحریک کی طبی سہولیات کا خیال نہ رکھ کر بھارت عالمی اصول وضوابط کی دھیجیاں اڑا رہا ہے۔ اگر ہمارے کسی بھی اسیر کو طبی سہولیات کے میسر نہ ہونے یا ان پر ڈھائے جارہے دیگر مظالم کی وجہ سے کوئی گزند پہنچی تو اس کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکمرانوں پر عائد ہوگی اور اس کا کشمیر کی سرزمین پر ہی عوامی ردّعمل نہیں بلکہ پوری دنیا کے انسان دوست اپنا پھر پور ردّعمل ظاہر کریں گے۔ گیلانی نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں ایشیاء واچ، عالمی ریڈکراس کمیٹی، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دیگر انجمنوں اور اداروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر یہ انجمن اور ادارے مظلوم کشمیر پر ڈھائے جارہے مظالم اور قید خانوں میں ہمارے اسیران تحریک کے لیے اپنی خاموشی توڑ کر موثر آواز بلند نہیں کرتے تو ان اداروں کی اعتباریت پر مزید سوال پیدا ہوسکتے ہیں۔ اس لیے انہیں کھل کر سامنے آکے جموں کشمیر کے مظلوم اسیران تحریک کے تئیں رویہ بدلنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔