سرینگر // وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں متواتر گراوٹ آرہی ہے، جبکہ گلمرگ اور پہلگام میں درجہ حرارت بدستورنقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ادھر خطہ لداخ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات ثابت ہوئی ۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ10نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا اور شبانہ سردیوں میںمزید گراوٹ آسکتی ہے ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات درجہ حرارات 1.8ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جبکہ پہلگام میں منفی 2.8 اور گلمرگ میں منفی 2.5ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔قاضی گنڈ میں 0.6،کپوارہ میں 0.7 اورکوکرناگ میں 1.7ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ادھرخطہ لداخ میں رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جس کے دوران یہاں کم از کم درجہ حرارت نقطہ انجمادسے 8ڈگری نیچے ریکارڈ کیا گیا ۔ کرگل میں درجہ حرارت منفی 3.0ڈگری اور لیہہ میں 7.6ڈگری سلسیش درج ہوا ۔محکمہ موسمیات نے پہلے ہی 10نومبر کی شام سے موسمی صورتحال میں تبدیلی آنے کی پیشگوئی کی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج وادی کے کچھ ایک علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے اور 10نومبرتک موسمی صورتحال مجموعی طور پر خشک رہے گی جس کے بعد موسمی صورتحال میں تبدیلی کا امکان ہے ۔