۔20سے 25جنوری تک مضبوط مغربی ہوائیں داخل ہونے کی پیشگوئی
سرینگر// وادی کشمیر کو پیر کے روز سے سردی کی شدید لہر کی صورتحال سے کچھ راحت ملی ہے۔کیونکہ کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہنے کے باوجود بھی اس میںدو ڈگری کا اضافہ ہوا۔ حکام نے پیر کو بتایا کہ جموں و کشمیر میں 20 جنوری سے 25 جنوری کے آس پاس موسم کا پہلا بڑا مغربی خلل ممکن ہے جو بڑے پیمانے پر برف باری کے امکانات پیدا کرسکتا ہے۔موجودہ اشارے کے مطابق کشمیر کے میدانی علاقوں میں اعتدال سے بھاری برفباری کا بھی70 فیصد امکانات ہیں ۔مندرجہ بالا مدت کے دوران گلمرگ، سونمرگ، دودھ پتھری اور پہلگام سمیت اونچی جگہوں پر بھاری سے بہت بھاری برفباری کا امکان ہے۔کشمیر ویدر کے مطابق16 جنوری سے 25 جنوری تک 2-3 ویسٹرن ڈسٹربنس ممکن ہے، لیکن 20 سے 25 جنوری کے درمیان اعتدال سے مضبوط مغربی ڈسٹربنس کے امکانات زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ اشارے ایسے ہی رہتے ہیں تو یقینی طور پر 23سے 25جنوری کے درمیان میدانی علاقوں میں اس موسم کی پہلی لیکن بھاری برفباری ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ12-15 جنوری تک شام کے وقت موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ بنیادی طور پر خشک رہے گا۔ 16-17 جنوری کوعام طور پر ابر آلود موسم رہے گا لیکن کشمیر ڈویژن میں الگ تھلگ اور بکھرے ہوئے اونچے مقامات پرہلکی بارش/برفباری ہوسکتی ہے۔ 18-19 جنوری کو بھی الگ تھلگ اونچی جگہوں پر ہلکی برف کے ساتھ جزوی طور پر عام طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ 20-22 جنوری کو عام طور پر ابر آلود موسم کیساتھ کافی وسیع مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش/برفباری ہوسکتی ہے۔23 جنوری کو بکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی بارش/برف کا امکان ہے۔
درجہ حرارت
وادی کشمیر میںبہت سی جگہوں پر کم از کم درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ جموں ڈویژن کے میدانی علاقوں میں گھنی دھند اگلے 5 دنوں کے دوران جاری رہنے کا امکان ہے۔جموں شہر میں پیر کو دن کادرجہ حرارت 9.6 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جب کہ سرینگر میں 12.4 ڈگری سینٹی گریڈ، قاضی گنڈ میں 13.9 ، پہلگام میں 10.8 ، کپواڑہ میں 10.7 اور کوکرناگ میں 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔حکام نے بتایا کہ سرینگر میں اتوار کی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ رات کے منفی 5.2 ڈگری سیلسیس تھا۔سرینگر میں جمعرات کو اس موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی، پارہ منفی 6 ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔پلوامہ قصبہ وادی کا سرد ترین مقام رہا جہاں کم از کم درجہ حرارت منفی 6.5 ڈگری سیلسیس رہا۔پہلگام میں درجہ حرارت منفی 3.4 ، گلمرگ میں منفی 3.4 ،سونمرگ میں 2.4 ،قاضی گنڈمنفی 3.4 ، کوکرناگ میں منفی 1.8 اور کپواڑہ میں منفی 3.7 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔