سرینگر//سینئر کانگریس لیڈر اور سابق وزیر پروفیسر سیف الدین سوز نے سرکاری ملازمت ترک کرکے سیاست میں قدم رکھنے والے آئی اے ایس آفیسر شاہ فیصل کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ شاہ فیصل کا سیاست میں آنا نیک شگون ہے۔اپنے بیان میں پروفیسر سوز نے کہاکہ دنیا میں یہ بات ضرب المثل ہے کہ امید ہی لوگوں کوسہارا دیتی ہے اور اس طرح ہمیں امید ہے کہ شاہ فیصل اپنی ذہنی نہج کے مطابق سیاست کو عوامی خدمت کیلئے وسیلہ بنائیںگے۔ انہوں نے کہاکہ میرا اپنا اندازہ ہے کہ وہ جس پارٹی میں بھی شامل ہوںگے وہ اپنے آپ کو اپنے مثالی کردار سے منفرد بنائیںگے۔شاہ فیصل نے آئی اے ایس سے مستعفی ہونے کے سلسلے میں جو دلائل دیئے ہیں وہ صحیح ہیں ۔ حالیہ برسوں میں ہندوستان کے لوگوں نے انتہا پسندی ، تنگ نظری ، منافرت اور فرقہ پرستی کا جو ماحول دیکھا ہے وہ پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا!اس طرح ہندوستان کے حالیہ حکمرانوں نے کوئی صحیح خدمت انجام دینے کے بجائے اُن تصورات کو کمزور سے کمزور تر بنا دیاجو تصورات ہندوستان کی آزادی کے متوالوں نے اپنی انتھک محنت سے پروان چڑھائے تھے۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ وہ سیاسی جماعت جس میں شاہ فیصل شامل ہوںگے ، شاہ فیصل کی ذہانت اور قابلیت اس طرح استعمال کریںگے کہ ریاست کے عوام براہ راست شاہ فیصل کی لیاقت سے مستفید ہو سکیں۔