جموں/سابق آئی اے ایس آفیسر ڈاکٹر شاہ فیصل کے حالیہ استعفیٰ پر جموں کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے سنیچر کوکہا کہ شاہ فیصل ایک قابل اور بااعتماد آفیسر تھے جنہوں نے ریاست کے لوگوں کی بہبودی کے لئے اپنی خدمات انتہائی لگن اور تن دہی سے انجام دی۔ گورنر نے مزید کہاکہ شاہ فیصل نے سماج کے کمزور طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بہبودی کے لئے بھی انتھک کوششیں کیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر ڈاکٹر شاہ فیصل اپنی سرکاری خدمات جاری رکھتے وہ سماج کی بہتری کے لئے اور زیادہ اہم اقدامات انجام دیتے۔جہاں تک سابق آئی اے ایس آفیسر کے کشمیری قوم کے ساتھ اُن کے جذبات و احساسات کا تعلق ہے ، اس سلسلے میں انہیں خطے میں تعینات کر کے نادار اور غریب لوگوں کی اقتصادی و معاشی حالت کو بہتر بنانے اور وادی کے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع معرض وجود میں لانے کے بھی اقدامات ممکن بنا ئے جاسکتے تھے تاکہ ریاست کے لوگ خوشحال اور بہتر زندگی گزارنے کے اہل ہوجاتے۔
شاہ فیصل کے سیاست میں آنے کے فیصلے پر تبصر کرتے ہوئے گورنر نے کہا'' شاہ فیصل سیاست میں آنے کے بغیر بھی لوگوں کی بہتری کے لئے اعلیٰ خدمات انجام دے سکتے تھے'' ۔
گورنر نے مزید کہا کہ شاہ فیصل سیاست میں آنے کے بجائے ایک ممتاز آفیسر کی حیثیت سے بہتر خدمات انجام دے سکتے تھے۔ تاہم گورنر نے کہا کہ''میں شاہ فیصل کو اُن کے مستقبل کی کاوشوں کے لئے کوئی صلاح دینا ضروری نہیں سمجھتا ہوں لیکن اُن کے لئے ہمیشہ میری نیک خواہشات ساتھ ہوں گی''۔گورنر نے اپنے بیان میں مزید کہا '' مجھے خوشی ہوگی اگر میری ان سے ملاقات ہو یا وہ نوجوانوں کے مسائل حل کرنے کے لئے وہ میرے پاس آئیں''۔