لاہور// آئی سی سی کرکٹر آف د ی ایئر اور سال کی سب سے متاثرکن کارکردگی کا پی سی بی ایوارڈ جیتنے والے لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی فی الحال ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں لاہور قلندرز کی قیادت کررہے ہیں۔ ایک طرف تو نوجوان فاسٹ باؤلر کی نظریں ایچ بی ایل پی ایس ایل کی چمچماتی ٹرافی پر جمی ہیں تاہم دوسری طرف وہ آسٹریلیا کے 24 سال بعد تاریخی دورہ پاکستان میں ہوم سائیڈ کے مضبوط باؤلنگ اٹیک کی قیادت کرنے کے لیے بھی پرعزم ہیں۔ آسٹریلیاکی ٹیم آخری مرتبہ 1998 میں پاکستان آئی تھی، یہ وہ وقت تھا جب شاہین شاہ آفریدی پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔ اس دورے میں آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت مارک ٹیلر اور ون ڈے سائیڈ کی قیادت اسٹیو واہ نے کی تھی۔ آسٹریلیا نے ٹیسٹ سیریز میں 0-1 اور ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں 0-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ کیلنڈر ایئر 2021 کے 9 ٹیسٹ میچز میں 47 وکٹیں حاصل کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے گزشتہ سال میں مجموعی طور پر 36 انٹرنیشنل میچز میں 78 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وہ 4 مارچ سے شروع ہونے والی کیلنڈر ایئر 2022 کی پہلی سیریز میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔4 مارچ کو راولپنڈی سے شروع ہونے والی آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے تینوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔