بانہال // جموں سرینگر شاہراہ 9گھنٹے تک بند رہنے کے بعد قابل آمد و رفت بنادی گئی جس کے بعد پیر کی دوپہر سے شاہراہ پر گاڑیوں کی یکطرفہ آمد و رفت جاری رہی۔ کیفٹیریا موڑ رام بن کے نزدیک اتوار اور پیر کی درمیانی شب قریب 2بجے پسیاں گر آئیں اور پتھر گرنے لگے جس کیساتھ ہی گاڑیوں کی آمد و رفت روک دی گئی لیکن رات کے دوران شاہراہ پر پسیاں نہیں ہٹائی جا سکیں۔پیر کی صبح شاہراہ پر گر آئے پتھر اور چھوٹی پسیوں کو ہٹانے کا کام شروع ہوا اور دن کے قریب 11بجے تعمیراتی کمپنی کے توسط سے بیکن نے یہ کام پورا کردیا۔پیر کو دن کے گیارہ بجے یکطرفہ ٹریفک بحال کیا گیا اور درماندہ گاڑیوں کو 9گھنٹوں کے بعد نکالا گیا۔ اس دوران وادی کشمیر سے معمول کے مسافر ٹریفک کو دوپہر بعد تک قاضی گنڈمیں رو ک دیا گیا لیکن بعد میں گاڑیوں کو جانے کی اجازت دی گئی۔ شام تک یہ ٹریفک چندر کوٹ اور ناشری کے درمیان سست رفتاری کے ساتھ آگے بڑھ رہا تھا۔دوسری جانب رام بن اور ناشری ٹنل کے درمیان درماندہ سینکڑوں مال بردار ٹرک وادی کشمیر کی طرف بڑھ رہے تھے۔