بانہال // جموں سرینگر شاہراہ اتوار کو دو بار بند ہونے کے بعد دوبارہ بحال کی گئی اور درماندہ ٹریفک کو وادی کی طرف چھوڑ دیا گیا۔منکی موڈ اور رام بن میں صبح سویرے تازی پسیاں گر آئیں تھیں جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہوا۔ اس دوران بیٹری چشمہ سے ناشری ٹنل تک گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور دن بھر بدترین ٹریفک جام جاری رہا، جس کا سلسلہ اتوار کی شام تک جاری رہا۔ اتوار کی صبح جموں اور بانہال سے نکلی گاڑیاں شام تک ناشری ٹنل کے آس پاس ہی سست رفتاری کے ساتھ اپنی اپنی منزلوں کی طرف بڑھ رہی تھیں جبکہ ریلوے سٹیشن بانہال اور رام بن وغیرہ کا مخالف سمت کا ٹریفک بھی ایسی ہی صورتحال سے دوچار تھا۔ سنیچر کی شام تین روز بعد بحال کی گئی شاہراہ رات دو بجے سے اتوار صبح گیارہ بجے تک بند رہی۔اس دوران کئی مقامات پر پتھر گرے اور چھوٹی پسیوں کا ملبہ گرا تھا جسے صاف کیا گیا۔ اتوار کو ادہمپور سے درماندہ اور جموں سے تازہ ٹریفک کو بھی وادی کشمیر کی طرف چھوڑ دیا گیا۔