بانہال // پچھلے ایک مہینے سے مسلسل پسیوں کے گر آنے کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت رامسو کے مقام پر گر آئی پسی کی وجہ سے پیر کی صبح سے ایکبار پھر بند ہوگئی ہے اور رامسو اور بانہال کے درمیان سینکڑوں کی تعداد میں جموں جانے والی مسافر اور مال بردار گاڑیاں درماندہ ہوکر رہ گئی ہیں۔ بھاری پسیوں کی وجہ سے کئی روز تک بند رہنے کے بعد سنیچر کی شام سے پیر کی صبح تک شاہراہ ٹریفک کیلئے بحال رہی اور اس دوران جموں سے وادی کشمیر کی طرف ہزاروں کی تعداد میں مسافر اور مال بردار گاڑیوں نے سفر کیا۔ پیر کی صبح چار روز بعد وادی کشمیر سے جموں کی طرف ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی لیکن صبح گیارہ بجے کے قریب رامسو اور مکرکوٹ کے درمیان ایک بھاری پسی، جسے موم پسی ۔کے نام سے جانا جاتا ہے ، شاہراہ پر پھر گر آئی جس کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں ٹریفک درماندہ ہوا ہے اور رامسو بانہال اور جواہر ٹنل کے آر پار مختلف مقامات پر کم از کم پندرہ کلومیٹر تک ٹریفک کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور شاہراہ کی بحالی کے امکانات بھی نا کے برابر ہیں ۔