بانہال // رام بن کے کرول علاقے میں ایک ٹرک میں سوار دو غیر ریاستی افراد دریائے چناب میں ڈوب گئے۔ اس دوران ناچلانہ کے نزدیک دو گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں تاہم سبھی مسافر بچ گئے۔ اس دوران رام بن بانہال سیکٹر میں ہلکی برفباری اور بارشیں ہونے کے باوجود شاہراہ کھلی رہی۔ایس ایس پی رام بن موہیتا شرما نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ بعد دوپہر کرول کے نزدیک ایک ٹرک میں سوار پنجاب سے وادی کی طرف جا رہے دو قریبی رشتہ دار ٹرک کوشاہراہ پر کھڑا کرکے دونوں افراد چناب کے کنارے فوٹو گرافی کی غرض سے گئے تھے اور ایک چٹان سے پیر پھسلنے کی وجہ سے دونوں دریائے چناب کے گہرے پانی میں ڈوب گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقع کی اطلاع ملتے ہی رام بن پولیس ، ایس ڈی آر ایف اور کیو آر ٹی کے رضاکاروں نے بڑے پیمانے پر بچائو کارروائیوں کا آغاز کیا لیکن دریائے چناب میں پانی کی سطح قدرے اونچی ہے، جس کی وجہ سے بچا ئوکاروائیوں میں شامل ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ۔ ڈوب جانے والے افراد کے بچ نکلنے کے امکانات بھی تقریباً ختم ہوگئے ہیں۔ لاپتہ ہوئے افراد کی شناخت منجیت سنگھ ولد دلجیت سنگھ اور جتندر سنگھ ولد منگل سنگھ ساکنان امرتسر کے طورپر ہوئی ہے۔ ادھرپولیس نے بتایا کہ جمعہ کی دوپہر ناچلانہ ہنگنی کے قریب اسوقت حادثہ پیش آیا جب مخالف سمت سے چل رہی دو کاریں آپس میں ٹکرائیں۔ حادثے میں نجی کاروں کو نقصان پہنچا تاہم سوار مسافر بچ نکلے۔ دو سرا حادثہ جمعہ کی شام فورلین فلائی اور پر پیش آیا اور برفباری سے پیدا ہوئی پھسلن کی وجہ سے ایک کار سڑک پر الٹ گئی ۔ حادثے میں کار سوار کومعمولی چوٹیں آئیں۔اس دوران بانہال اور رام بن سیکٹر میں جمعہ کی صبح پہلے بارشیں اور بعد میںہلکی برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جو رک رک کر شام تک جاری رہا ۔ بانہال میں ایک انچ جبکہ جواہر ٹنل اور پیر پنچال کے پہاڑی سلسلے پر 5سے8 انچ تازہ برفباری ہوئی ۔ موسم کی خرابی کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بنا کسی خلل کے جاری رہی اور معمول کے ٹریفک میں سینکڑوں مسافر اور مال گاڑیوں نے جموں سے وادی کی طرف سفر کیا ۔ ٹریفک کنٹرول یونٹ رام بن نے جمعہ کی شام کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کے روز ٹریفک کی نقل وحرکت بارشوں اور برفباری کے باوجود بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہی اور سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیوں نے وادی کا سفر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج یعنی ہفتے کے روز موسم اور سڑک کی بہتر صورتحال کے پیش نظر ٹریفک کو سرینگر سے جموں کی طرف جانے کی اجازت ہوگی اور ٹریفک کا یہ سلسلہ مکمل طور سے ایک طرفہ ہوگا۔