رام بن //شاہراہ پر سفر کرنے والے لوگوں اور ٹرانسپورٹروںکے چیخ و پکار کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک جام سے کوئی راحت نہیں مل رہی ہے۔اتوار کے روز ٹریفک پولیس کے ذریعہ ٹریفک کو جموں سے وادی کی طرف جانے کی اجازت دینے کے بعدشاہراہ پر ٹریفک جام رہا۔اتوار کی صبح سے ہی ناشری سے بانہال تک مختلف مقامات پر ٹریفک جام رہا ، جس کی وجہ سے ٹرک ، مسافر اور نجی گاڑیاں گھنٹوں لمبی قطار میں پڑی رہیں۔شاہراہ پرناشری ،چندرکوٹ ، کرول رام بن اور رام بن رمسو سیکٹر کے درمیان شاہراہ پر مکمل افراتفری کا ماحول رہا۔مسافروں نے ہائی وے پر بدانتظامی اور ٹریفک کے ناقص ضوابط پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ہائی وے پر ٹرکوں سمیت بھاری مال بردارگاڑیوںکے قافلے کے خلاف مخالف سمت سے گاڑیوں کو جانے کی اجازت دی جارہی ہے جس سے شاہراہ پر بدترین ٹریفک جام کے واقعات پیش آرہے ہیں۔رام بن میں ٹریفک جام میں پھنسے ڈرائیوروں نے الزام لگایا کہ ٹریفک پولیس کے ذریعہ بھاری گاڑیوں کو بھی اجازت دی جارہی ہے جو مقررہ اوقات کے بعد چل رہی ہیں جس سے بھی ٹریفک جام ہورہا ہے۔ ناشری سے بانہال کے درمیان مختلف مقامات پر چار لین شاہراہ پروجیکٹ کے جاری عمل کی وجہ سے سکڑ گئی ہے اور صرف ایک گاڑی ایک وقت میں یہ حصے عبور کرسکتی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ شاہراہ پر ٹریفک جام اور ناقص ضابطہ کار معمول بن گیا ہے۔آج سرینگر سے جموں کیلئے گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہوگی۔