سوپور// سرینگر۔جموں شاہراہ ہفتے میں دو روز تک سول ٹریفک کیلئے بند رکھنے کے سرکاری فیصلے پرسوپور کے تجارتی طبقوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ اکنامک الائنس سوپور، ٹریڑرس فیڈریشن، ٍفروٹ ایسوسیشن سوپور، اور انڈسٹریل ایسوسیشن سوپور نے اس فیصلے کو فوری طور واپس لینے کی مانگ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے وادی میں تجارت کو کافی نقصان ہوگا۔اکنامک الائنس سوپور کے صدر حاجی محمد اشرف گنائی نے کہا کہ یہ شاہراہ دودن مکمل طور بند رہنے سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ تجارت پر بھی کافی برا اثر پڑے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کو اس فیصلے کو فوری طور پر کالعدم کرنا چاہئے۔اس سلسلے میں انڑسٹریل ایسوسیشن سوپور کے صدر حاجی جاوید احمد بٹ نے اس حکمنامے کو حکومت کی بوکھلاہٹ قرار دیا اور کہا ہے کہ ایک تو پہلے ہی وادی میں اکثر وبیشتر حالات ناساز رہنے سے تجارت میں کافی گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہیں تو دوسری جانب حکومت ہفتے میں دو دن شاہراہ کو مکمل طور بند کر رہی ہے اس سے ہماری تجارت پر کافی اثر پڑے گا چونکہ ہفتے کے ہر روز یہاں کی انڑسٹریز کے لئے را مٹیریل (Raw materials ) کی کافی گاڑیاں باہر سے سپلائی ہوتی ہیں جس پر اب دو دن رکاوٹ سے کافی نقصانات اٹھانے پڑینگے اس لئے ہم حکومت اور گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس اس حکم نامے کو کالعدم کیا جائے۔