رام بن//جموں۔سرینگر شاہراہ پر ٹریفک نظام کی بدانتظامی سبھی کیلئے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے اور روزانہ اس سے لوگ متاثر ہورہے ہیں ۔خاص طور پر بانہال اور رام بن کے درمیان کا حصہ مسافروں کیلئے بہت بڑی پریشانی کا سبب بناہواہے اور روزانہ ہی ٹریفک جام کا سامناکرناپڑتاہے ۔سنیچر کے روزسفر کرنے والے مسافروںنے بتایاکہ انہیں کئی گھنٹوں تک جام میں پھنسے رہناپڑا اوریہ ایک معمول بن گیاہے ۔انہوںنے کہاکہ ٹریفک کا کوئی نظم ہی نہیں اور لوگوں کو انہی کے حالات پر چھوڑ دیاجاتاہے ۔ان کاکہناتھاکہ ایسا بھی نہیں ہے کہ اس جام کے مسئلے پر قابو نہ پایاجاسکے لیکن اقدامات کرنے کیلئے کوئی سنجیدہ ہی نہیں ۔روزروز کے ٹریفک جام سے مریض ، طلباء اور سرکاری ملازمین کو سب سے زیادہ متاثر ہوناپڑتاہے اور وہ اپنی اپنی منزل وقت پر نہیں پہنچ پاتے ۔بانہال کے لوگوںنے بتایاکہ نئے ایس ایس پی ٹریفک ہائی وے کی تعیناتی کے بعد انہیں نظام میں بہتری کی امید تھی لیکن صورتحال جوں کی تو ں ہی نہیں بلکہ مزید خراب ہوتی جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ پولیس اور ٹریفک پولیس کے ہیلپ لائن نمبروں سے بھی کوئی موثر جواب نہیں ملتااور ہیلپ لائن کے نام پر لوگوں کو بیوقوف بنایاجارہاہے ۔ان کاکہناہے کہ حکام کو ٹریفک کے نظام میں بہتری کے اقداما ت کرنے ہوںگے ۔