بانہال+اوڑی // رامبن کے کرول علاقے میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات پیش آئے سڑک کے ایک عجیب حادثے میں اوڑی سے تعلق رکھنے والا ایک ٹرک ڈرائیور اس وقت لقمہ اجل بنا جب وہ کھڑے ٹرک کے اگلے پہیئے کے ساتھ کام کررہا کہ تھا کہ پیچھے سے آنے والے ایک اور ٹرک نے کھڑے ٹرک کو عقب سے ٹکر ماری جس کی وجہ سے ٹرک ڈرائیور سید جمیل جیلانی ساکنہ بسگرن ، اوڑی اپنے ہی ٹرک کے ٹائر کے نیچے کچل کر موقع پر ہی لقمہ اجل بنا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ٹرک نمبر JK-05B/5697 کسی تیکنیکی خرابی کو دور کرنے کیلئے رامبن کے کرول پْل کے نزدیک کھڑا تھا اور ڈرائیور اس کی مرمت کررہا تھا کہ پیچھے آنے والے ٹرک نمبر UP-11AT/8046 نے کھڑے ٹرک کو پیچھے سے ٹکر ماردی جس کی وجہ سے ڈرائیور سید جلیل جیلانی ساکنہ بسگرن اوڑی ضلع بارہمولہ اگلے ٹائر کے نیچے کچل کر موقع پر ہی لقمہ اجل بنا۔ پیچھے سے ٹکر مارنے کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہوگیا اور پولیس اسے تلاش کررہی ہے۔ اپنے بیان میں رامبن پولیس نے مرنے والے کی شناخت کنڈکٹر فیاض احمد ساکنہ اوڑی کے طور کی تھی تاہم کشمیر عظمی کو اوڑی سے صحافی ظفر اقبال نے بتایا کہ مرنے والے کی شناخت اسکے گھر والوں کے حوالے سے سید جلیل جیلانی کے طور ہوئی ہے اور گھر والوں نے مہلوک کی لاش قانونی لوازمات کے بعد رامبن پولیس سے جمعرات کی دوپہر حاصل کی