بانہال//قاضی گنڈبانہال سیکٹر میں برفباری اور پسیوں کے گرنے کی وجہ سے 30 گھنٹوں سے زائد وقت تک معطل رہنے کے بعد شاہراہ پراتوار کی دوپہر بعد بحال ہوئی۔ چندرکوٹ اور بانہال کے درمیاں شدید بارشوں اور برفباری کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ ہفتے کی صبح 4.30 بجے کے قریب ٹریفک کے لئے بند کر دی گئی اور ہفتے کی شام تک ملبہ صاف کرنے کے بعد درماندہ ٹریفک کو بحال کیا گیا ۔ لیکن مگر کوٹ رام بن میں اتوار کی صبح دو بجے سے پتھروں کا گرنا شروع ہوا اور ایک بھاری پسی گر آئی جس سے شاہراہ بند ہو گئی ۔ دونوں طرف بھاری مسافر بردار گاڑیوں اور ایک ہزار کے قریب درماندہ ٹرکوں کو چھوڑنے کے بعد نگروٹہ، رام بن ، مکرکوٹ، رامسو اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پر ٹریفک جام رہا اور یہ سلسلہ کئی مقامات پر اتوار شام تک جاری تھا۔ سینئر سپرانٹنڈنٹ پولیس ٹریفک شبیر احمد ملک نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ شاہراہ کی تعمیراتی ایجنسیوں نے اتوار کی صبح سے ہی مکرکوٹ کے مقام پر شاہراہ کی بحالی کا کام شروع کیا اور کئی گھنٹوں کے کام کے بعد اتوار کی دوپہر بعد ہی سڑک کو قابل آمدورفت بنایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ نگروٹہ بائی پاس اور قاضی گنڈ میں درماندہ ٹریفک کو بھی شاہراہ کی بحالی کے بعد چھوڑ دیا گیا۔ سنیچر کوقاضی گنڈ سیکٹر میں برفباری اور روم پڑی بانہال، شالگڑھ ، وگن، موم پسی رامسو، پنتھیال، ڈگڈول، ماروگ اور کیفٹیریا موڑ رام بن علاقے میں پسیوں اور پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے بند ہوگئی تھی۔
شاہراہ پر دوران شب پسیاں گر آئیں | 30گھنٹوں کے بعد ٹریفک بحال
