حکومت سے فیصلہ واپس لینے کامطالبہ،احتجاج کاانتباہ
رام بن //ریاستی حکومت کی طرف سے جموں سرینگرقومی شاہراہ پر ادہم پورسے وادی کشمیرکےلئے ہفتے میں دودن سول گاڑیوں کی آمدورفت پرقدغن لگانے پرلوگوں نے ناراضگی کااظہارکیاہے۔اس سلسلے میں ضلع رام بن کی مختلف مارکیٹ ایسوسی ایشن بالخصوص تاجرتنظیموں کے مختلف اجلاس منعقد ہوئے۔بیوپارمنڈل بانہال کاایک اجلاس ٹورسٹ سرائے میں منعقدہواجس میں تنظیمی عہدیداران نے انتباہ دیاکہ اگر قومی شاہراہ پر دودن لگائی گئی آمدورفت قدغن کافیصلہ واپس نہیں لیاگیاتو ہم حکومتی فیصلے کے خلاف اپنی دکانیں بندکرکے ہڑتال کریں گے۔بعض شاپ کیپرس ایسوسی ایشن نے کہاکہ حکومت نے بغیرسوچے سمجھے اورفریقین کواعتمادمیں لیے بغیر فیصلہ لیاہے۔انہوں نے کہاکہ شاہراہ پرسول آمدورفت بندرہنے کی وجہ سے تاجروں، طلبااورمریضوں کوسخت دشواریوں کاسامناکرناپڑےگا۔ضلع رام بن کے عام لوگوں نے بھی ریاستی حکومت کے فیصلے پرتحفظات کااظہارکیاہے۔انہوں نے حکومتی فیصلے کوانسانی حقوق کی خلاف ورزی اورعوام کش فیصلے سے تعبیرکیاہے۔