بانہال // جموں سرینگر شاہراہ رام بن اور رام سو کے درمیان بھاری پسیوں اور پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے جمعہ کو تیسرے روز بھی بند رہی ۔اگر چہ موسم میں بہتری کے ساتھ ہی کئی مقامات پر بحالی کا کام شروع کیا گیا لیکن شاہراہ کی بحالی کے امکانات سنیچر تک بھی ممکن دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔فورلین شاہراہ کی تعمیراتی کمپنیوں کی مشینری اور افرادی قوت نے جمعہ کی صبح سے رام بن،بانہال اور جواہر ٹنل کے درمیان بھاری پسیوں اور برفباری کو صاف کرنے کا سلسلہ شروع کیا ۔ٹریفک حکام نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کی صبح سے رام بن کے سیری ، کیلا موڑ، ماروگ ، بیٹری چشمہ اور انوکھی فال کے درمیان ایک درجن سے زائد پسیوں کو صاف کیا گیا اور اس دوران ماروگ کے مقام پر تین بجے ایک اور پسی شاہراہ پر گر آئی ۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ ابھی بھی ماروگ ، انوکھی فال ، ڈگڈول ، خونی نالہ ، پنتھیال اور رامسو کے درمیان ایک درجن کے قریب پسیوں، پتھروں اور برفباری کی وجہ سے بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانہال اور جواہر ٹنل کے درمیان بھاری برف کو بھی صاف کرنے کا کام جمعہ کی صبح سے ہی شروع کیا گیا اور شام تک بانہال اور شیطانی نالہ کے درمیان برف کو ہٹایا گیا ۔ رامسو ، شیر بی بی اور بانہال کے درمیان سڑک ابھی بھی برف کی وجہ سے ناقابل آمدورفت ہے۔ آئی جی پی ٹریفک الوک کمار ہیلی کاپٹر کے ذریعے بانہال پہنچے اور انہوں نے ایس ڈی ایم بانہال ضمیر ریشو کے ہمراہ نوگام تک کا دورہ کیا اور سڑک کی بحالی کے کام کا جائزہ لیا۔