بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر بانہال کے نزدیک شابن باس کے مقام پر ایک بھاری پسی گر آئی جس کے نتیجے میں مقامی گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہو کر رہ گئی۔یاد رہے کہ جمعہ کو شاہراہ کی مرمت کے پیش نظر سرینگر اور جموں سے ہر طرح کی گاڑیوں کے چلنے پر پابندی تھی جبکہ درماندہ گاڑیوں کو بھی چلنے کی اجازت نہیں تھی البتہ مقامی ٹریفک پر کوئی پابندی نہیں تھی۔جمعہ کی دوپہر شابن باس کے مقام پر بھاری پسی کیساتھ ہزاروں ٹن ملبہ شاہراہ پر گر آیا جسے نیچے پھینکنے کی وجہ سے تل باغ بانہال نامی بستی اور کھیت کھلیانوں کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔شاہراہ پر جونہی ملبے کو صاف کرنے کی کارروائی شروع کی گئی تو تل باغ کے لوگوں نے آبادی کو لاحق خطرے کے پیشِ نظر کام کوروک دیا۔ جمعہ کی دوپہر تل باغ کے مرد و زن نے شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کمپنی تمام ملبہ سڑک سے نیچے پھینک رہی ہے جس کی وجہ سے بستی کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ بعد میں پولیس کی مداخلت سے معاملہ سلجھایا گیا اور بحالی کا کام مکمل کیا گیا۔ٹریفک حکام نے کہا ہے کہ لگاتار بارشیں ہونے کی وجہ سے شاہراہ پر پتھر گرنے اور اچانک پسیاں گر آنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے لہٰذا موسی صورتحال کے پیش نظر سنیچر کو بھی شاہراہ بند رہے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ سڑک کی صورتحال کی وجہ سے اس طرح کا اقدام اٹھایا گیا ہے اور سرینگر و جموں سے کسی بھی گاڑی کو شاہراہ پر چلنے کی ممانعت ہوگی۔تاہم حکام کا کہنا ہے کہ رات کے دوران اگر موسم ٹھیک رہا تو سنیچر کی صبح شاہراہ کی صورتحال کا جائزہ لیا جائیگا جس کے بعد ہی کوئی فیصلہ ہوگا۔