آگرہ//مغل شہنشاہ شاہجہاں کے تین روزہ عرس کے آخری دن منگل کو پورے دن مفت داخلے کے درمیان تاج محل کا دیدار کرنے والوں کی ریکارڈ بھیر امڈ پڑی۔آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ملازمین اور سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس کے جوانوں کو امڈی بھیڑ کو کنٹرول کرنے میں کافی مشقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ باب الداخلہ پر سیاحوں کی نصف کلو میٹر سے زیادہ لمبی لائنیں لگی رہیں۔ایک محتاط اندازے کے مطابق سابقہ ایک دہائی میں عرس میں اتنی بھیڑ کبھی نہیں امڈی ہوگی جتنی آج تھی۔ پورے دن مفت داخلے کی سہولیت نے لوگوں کو تاج محل کی جانب کھینچ لیا۔ ساتھ ہی مہاشیوراتری پر سرکاری چھٹی ہونے کی وجہ سے بڑی تعداد میں مقامی سیاح و نوجوان تاج محل کو دیکھنے پہنچے ۔مغل شہنشاہ کا 367واں عرس تاج محل واقع ان کی قبر پر منایا گیا۔کل تیسرے و آخری دن خدام روزہ کمیٹی نے رنگ برنگے کپڑے کی 1381میٹر لمبی چار چڑھائی۔
شاہجہاں کا عرس | تاج محل میں سیاحوں کا جم غفیر
