بانہال// اتوار کے روز جموں سرینگر شاہراہ پر جموں سے مسافر اور ادہمپور سے درماندہ ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی گئی۔ شابن باس بانہال کے مقام پرگر آئی پسی کی وجہ سے یکطرفہ ٹریفک کے پیش نظربدترین ٹریفک جام رہا اور گاڑیوں کی آمدورفت انتہائی سست رہی۔شابن باس پر شاہراہ کو سنیچرکے روز یکطرفہ ٹریفک کے قابل بنائی گیا تھا اور اتوار کو دن بھر یکطرفہ ٹریفک ہی چلتا رہا۔ جموں سے مسافر ٹریفک اور ادہمپور اور رام بن کے علاقوں سے درماندہ گاڑیوں کی وجہ سے رام بن اور بانہال سیکٹر میں ٹریفک جام ہوگیا اورگاڑیوں کو ایک ایک کرکے وادی کشمیر کی طرف چھوڑا گیا۔ کئی مسافروں نے کشمیر عظمیٰ کو فون پر بتایا کہ وہ اتوار کی صبح پانچ بجے جموں سے نکلے اور شابن باس کی پسی کو شام چھ بجے ہی پار کر پائے۔ ٹریفک جام کا سلسلہ اتوار شام سات بجے تک جاری تھا اور ٹریفک سست رفتار سے آگے بڑھ رہا تھا۔