سرینگر //سی پی آئی نے نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے دوسرے نظر بند لیڈران اور نوجوانوں کی بھی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ یو پی آئی کے مطابق سی پی آئی کے جنرل سیکریٹری ڈی راجا نے نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲکی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کو سبھی نظر بندلیڈران اور نوجوانوں کی بھی رہائی عمل میں لائی جانی چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے فاروق عبدا ﷲکی رہائی عمل میں لا کر اچھا کام تو کیا لیکن اُن کے بیٹے عمر عبدا ﷲ اور محبوبہ مفتی کو مسلسل نظر بند کیوں رکھا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سبھی نظر بند لیڈران کی رہائی عمل میں لا کر اُنہیں سیاسی عمل شروع کرنے کی اجازت دینی چاہئے۔
ملک کی خدمت جاری رکھیں گے :رویندرینہ
سرینگر //جموںوکشمیر کے بی جے پی صدر رویندرینہ نے اُمید ظاہر کی ہے کہ نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹرفاروق عبداللہ رہائی کے بعد ملک کیلئے اپنی اچھی خدمات جاری رکھیں گے اور وہ لوگوں کی بہتری کیلئے کام کریں گے۔ یو پی آئی کے مطابق بھاجپا صدر رویندر رینہ نے ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲکی رہائی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ مجھے اُمید ہے کہ فاروق عبدا ﷲ جموںوکشمیر میں امن ، ہم آہنگی اور بھائی چارے کو مضبوط بنانے اور برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ رویندر رینہ نے کہاکہ فاروق عبدا ﷲ پارلیمنٹ کے رکن بھی ہے اور ریاست کے سابق وزیرا علیٰ بھی ہیں، لہذا اُنہیںجموں کشمیرمیں امن و امان کے قیام کی خاطر انتظامیہ کو اپنا تعاون فراہم کرنا چاہئے۔ رویندر رینہ نے اُمید ظاہر کی کہ نظر بندی ختم ہونے کے بعد این سی لیڈر ملک کیلئے بہترین خدمات انجام دینے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی فلاح و بہبودی کی خاطر کام کریںگے۔ رینہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں یہ بھی اُمید ہے کہ فاروق عبدا ﷲپاکستان کے عزائم کو بے نقاب کرنے کے علاوہ سماج دشمن اور قوم دشمن عناصرکے بارے میں بھی لوگوں کو آگاہ کریں گے۔ بھاجپا صدر کے مطابق فاروق عبدا ﷲ کو چاہئے کہ وہ نفرت کی سیاست کے بجائے لوگوں کی فلاح و بہبود اور امن و ترقی کی خاطر اپنا کردار ادا کرے۔
رہائی خوش آئند:شفقت وٹالی
کپوارہ //اشرف چراغ // نیشنل کانفرنس کے رہنمااور سابق آئی جی پی شفقت وٹالی نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائی کوخوش آئندقرار دیتے ہوئے دیگرنظر بندوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔لنگیٹ حلقہ انتخاب کے دورے کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو مختلف جیلوں میں نظربند نوجوانوں کو بھی رہاکرنا چاہیے ۔انہوں نے ڈاکٹر فاروق کی رہائی کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دیگرسیاسی رہنمائوں کو بھی رہاکیاجانا چاہیے تاکہ یہاں سیاسی سرگرمیوں کاباضابطہ آغاز کیا جاسکے ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کپوارہ کے ساتھ بھی ملاقات کی اور انہیں لنگیٹ میں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے انہیں یقین دلایا کہ عوا م کو درپیش مسایل کا ازالہ کیاجائے گا۔