کٹھوعہ //سینئر نیشنل کانفرنس لیڈر و سابقہ ایم ایل سی ٹھاکور کشمیرا سنگھ نے ووٹ کے طاقت سے منقسم طاقتوں کو شکست دینے کو کہاہے ۔انہوں نے کہا کہ نفرت کی سیاست سے نہ صرف ملک کی ترقی روک سکتی ہے بلکہ لوگوں میں بد اعتمادی بھی پیدا کرتی ہے۔کٹھوعہ۔اودہمپور۔ڈوڈہ پارلیمانی حلقہ کے کانگریسی امیدوار وکرما دتیہ سنگھ کے حق میںانتخابی مہم چلاتے ہوئے سابق ایم ایل سی نے کہا کہ کانگریسی امیدوار کو ووٹ دینا ریاست کے سیکولر کردار کو تحفُظ دینا ہے، جو کہ این سی کی فلاسفی ہے۔انہوں نے ہیرا نگر وارڈ نمبر1 میں موضع چنگی،دیسہ چک، مرہین، اور پوجیکے چک میںمتعدد اجلاسوں سے خطاب کیا ۔انہوںنے لوگوں کو اشتعال انگیزی سیاست سے خبر دار کیا اور کہا کہ مذہب کا استعمال جموں و کشمیر جیسی حساس ریاست کی وحدت اور خوشحالی کے لئے خطر ناک ہے، جو صدیوںسے رواداری، بھائی چارہ او رخوشحالی کی ایک مثال رہی ہے۔انہوں نے لوگوں کو فرقہ پرست طاقتوں سے الگ کرنے اور ریاست کو امن و ترقی کے نئے دور میں لیجانے میں مدد کرنے کی اپیل کی۔جاری انتخابات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوںنے کہا کٹھوعہ کے عوام کو کافی نقصان ہوا ہے کیونکہ انہیں بی جے پی کے لوک سبھاممبر کے پاس کوئی رسائی نہیں تھی۔انہوں نے اس توقع کا اظہا رکیا کہ کانگریس امیدوار وکرما دتیہ حلقہ کے عوام کی امنگوں اور خواہشات کو موثر ڈھنگ سے پورا کریں گے۔اس موقعہ پر صوبائی جوائنٹ سیکرٹری بھارتی شرما ، بلاک صدور آتما سنگھ ،بندو شرما ، نریش کھجوریہ ،دھرمپال ،کلدیپ ورما اور سوما دیوی بھی شامل تھے،جنھوں نے کانگریسی امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرنے کی اپیل کی۔