سرینگر// سرینگر میں پارلیمانی انتخابات کے دوران حال ہی میں سیکورٹی سے محروم کئے گئے سیاسی کارکنوں نے شکایت کی،کہ سیکورٹی کی بنا پر وہ اپنا ووٹ نہیں ڈال نہیں پائے۔ ریاستی انتظامیہ کی طرف سے حال ہی میں کئی سیاسی کارکنوں سے انکے ذاتی حفاظت پر معمور پولیس اہلکاروں کو واپس بلایا گیا،جبکہ جمعرات کو سیاسی کارکنوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہ سیکورٹی واپس لینے کے بعد جہاں انکی نقل و حمل محدود ہوگئی ہے ،وہیں وہ ووٹ بھی نہیں ڈالسکے۔ سرینگر کے حلقہ انتخاب عیدگاہ سے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی ٹکٹ پر انتخاب لڑنے والے پارٹی کے سیکریٹری امتیاز خان نے بتایا کہ سیکورٹی وجوہات کی بنیاد پر وہ اپنے گھر والوں کے ہمراہ ووٹ دالنے سے رہ گئے۔امتیاز خان نے بتایا’’ میں نے چیف الیکٹورل افسر سے بدھ کو ہی اس معاملے پربات کی تھی،اور انہوں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ انہیں سیکورٹی دی جائے گی،تاہم میں دن بھر انتظار کرتا رہا،اور کنٹرول روم سے بھی رابطہ قائم کیامگر سیکورٹی نہیں آئی اور میں اپنا ووٹ نہیں ڈال سکا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ عیدگاہ کے وانگن پورہ میں پولنگ مرکز پر انہیں ووٹ ڈالنا تھا،تاہم یہ علاقہ حساس ہے اور وہ سیکورٹی کے بغیر ووٹ نہیں ڈال سکتا۔امتیاز خان نے کہا کہ ان کے ساتھ ہی نہیں بلکہ دیگر کئی کارکنوں کے ساتھ بھی معاملہ پیش آیا۔