جموں/سیکرٹری صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈکنٹرول فاروق احمد شاہ نے جل بھون نروال کا دورہ کر کے وہاں جاری مختلف تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔جل بھون کو 7.48 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے اور یہ اس برس اکتوبر تک مکمل کیا جائے گا۔جل بھون کی تعمیر سے یہاں چیف انجینئر صحت عامہ جموں اور چیف انجینئر آبپاشی و فلڈ کنٹرول جموں کے دفاتر بھی قائم کئے جائیں گے۔ اس سے لوگوں کو ایک ہی چھت کے نیچے سہولیات دستیاب رہیں گی۔اس موقعہ پر سیکرٹری موصوف نے تعمیراتی کام میں سرعت لانے کی ہدایت دیتے ہوئے اس کو وقت مقررہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔انہوں نے یوم جمہوریہ کے سلسلے میں محکمہ کی سطح پر تیاریوں کا جائزہ لیا۔بعد میں سیکرٹری موصوف نے رنبیر کنال کی مختلف جگہوں کا دورہ کر کے ڈی سلٹنگ کے لئے کی جارہی تیاریوں کا جائزہ لیا۔سیکرٹری کو بتایاگیا کہ نہر کی کل لمبائی اکھنور سے جموں تک 28کلومیٹر ہے اور اس سے موسم گرما کے دوران 39000 ہیکٹر اراضی کو آبپاشی کی سہولیت دستیاب رہتی ہے۔فاروق احمد شاہ نے افسران نے کہا کہ وہ ڈی سلٹنگ کاکام جلد از جلدشروع کرانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کریں۔اُنہوں نے متعلقہ ایجنسی کو کنال سے کوڑا کرکٹ نکال کر مناسب جگہ پر ٹھکانے لگانے کی ہدایت دی۔چیف انجینئر آبپاشی و فلڈ کنٹرول ونود گپتا ، چیف انجینئر صحت عامہ اشوک گندوترا اور ان محکموں کے سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔