عظمیٰ نیوز سروس
جموں//سیکرٹری اِمدادِ باہمی ببیلا رَکوال نے جموںوکشمیریوٹی کے ہر ضلع میں کوآپریٹیو زکے ذریعے پی ایم بی جے کے کے تحت معاشی طور پر قابل عمل جن اوشدھی کیندروں کے قیام کے لئے محکمہ کی جانب سے اُٹھائے گئے اَقدامات کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں اَیڈیشنل رَجسٹرار جموںوکشمیر ،محکمہ کے ڈپٹی رجسٹراروں اور اسسٹنٹ رَجسٹراروں کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر سیکرٹری موصوفہ نے اَیڈیشنل رجسٹراروں اور ڈی آرز پر زور دیا کہ وہ ہر ضلع میں کم از کم ایک جن اوشدھی کیندر کو فعال بنائیں۔ اُنہوں نے اُنہیں ہدایت دی کہ وہ اِس برس مارچ کے پہلے ہفتے تک ایسے مراکز کی فعالیت کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے کہا کہ پی اے سی ایس کے ساتھ ایسوسی ایشن کی وجہ سے ڈرگ لائسنس حاصل کرنا اہل فارماسسٹوں کے لئے ایک فائدہ کے طور پر کام کرنا چاہئے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسے فارماسسٹوں کو دیگر ممبروں کی طرح مکمل حقوق اور مفادات کے ساتھ ایسی سوسائٹیوں کا ناقابل تنسیخ رُکن بنایا جانا چاہئے۔ اُنہوں نے کہا کہ اَدویات کی دُکانوں کے کام شروع کرنے اور مناسب جگہ کے لئے اَقدامات اُٹھائے جائیں۔انہوں نے شناخت شدہ فارماسسٹوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ تعداد کو اَدویات کی دکانوں میں تبدیل کرنے کے لئے کہا۔اُنہوں نے اِس طرح کے سٹوروں کو عوامی سطح پر مقبول بنا کر ان کی فروخت میں اِضافہ کرنے کو بھی کہا۔اُنہوں نے مشورہ دیا کہ صحت عامہ کے ایسے اِداروں کی تلاش کی جائے جہاں جموںوکشمیر یوٹی کے دُور دراز علاقوں میں اس طرح کے سٹوروں کی کوئی موجودگی نہیں ہے ۔ اُنہوں نے تمام متعلقہ شراکت داروں کو زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے لئے ایسے اِداروں کے ساتھ طویل مدتی تعلقات پر غور وخوض کرنے کے لئے کہا۔ اَیڈیشنل رجسٹرارنے اَپنی پرزنٹیشن میں انکشاف کیا کہ ہر ضلع کے لئے 5 جن اوشدھی مرکز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 32 کو فعال کیاگیا ہے۔ اِس کے علاوہ 42 نے ڈرگ لائسنس کے لئے درخواست دی ہے اور 101 درخواست دہندگان میں سے 98 نے ایسے سٹوروں کے قیام کے لئے پی ایم بی آئی کی منظوری حاصل کی ہے۔میٹنگ کو مزید جانکاری دی گئی کہ ڈی آر صحت اِداروں ، فارمیسی کونسل اور کنٹرولر ڈرگ آفس سمیت مختلف شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ عوام کے فائدے کے لئے ایسے میڈیسن سٹوروں کے قیام کو بڑھایا جاسکے۔