سیول سروسز امتحانات | ریاست کے 8 اُمیدوار کامیاب،سب کا تعلق جموں سے

جموں //یونین پبلک سروس کمیشن کی طرف سے گزشتہ روز اعلان کئے گئے سیول سروس امتحانات ۔2018کے نتائج میں ریاست جموں وکشمیر کے 8امیدواروںنے کامیابی حاصل کی ہے ۔اس امتحان میں پونچھ کی تحصیل مینڈھر سے ایک خاتون نے بھی کامیابی پائی ہے جو ضلع کی پہلی ایسی خاتون بنی ہیں اور ان کا تعلق قبائلی طبقہ سے ہے ۔ریحانہ کو 187واں رینک ملاہے او روہ جموں وکشمیر کے سبھی امیدواروں میں پہلے مقام پر ہیں ۔اس بات کا قوی امکان ہے کہ ریحانہ کو آئی اے ایس کیڈر ملے گا ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریحانہ کا بھائی عامر بشیر 2017میں اسی امتحان میں کامیابی حاصل کرچکاہے اوروہ اس وقت آئی آر ایس افسر ہے ۔اس امتحان میں آر ایس پورہ کے 2018بیچ کے کے اے ایس افسر ابھیشیک آگستیا نے 268ویں رینک کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے جبکہ راجندر بازار جموں کے سنی گپتا کو 320ویں رینک کے ساتھ کامیابی ملی ۔ اسی طرح سے محکمہ پی ایم جی ایس وائی میں اسسٹنٹ انجینئر کے طور پر خدمات انجام دے رہے آر ایس پورہ کے ہرویندر سنگھ نے 335واں جبکہ گلاب گڑھ کے بابر علی نے 364واں رینک پایاہے ۔بابر نے جواہر نودیہ ودیالیہ ادھمپور سے تعلیم حاصل کرنے کے بعدگریجویشن علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے کی ۔اس فہرست میں اس کے بعد کٹھوعہ سے تعلق رکھنے والاگوکل مہاجن ہے جس نے 373واں رینک پایاہے۔ گزشتہ برس بھی گوکل کو 564واں رینک ملاتھا۔اس امتحان میں جموں شہر کی دیواہتی نے 668ویں اور اکھنور کے انکش بھگت نے 730ویں رینک کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے ۔
 

گورنر کی مبارکباد 

جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے اُن امیدواروں کو مبارکباد دی ہے جنہوں نے یو پی ایس سی کے سول سروسز امتحان 2018 میں کامیابی حاصل کی جس کے نتایج کل ظاہر کئے گئے ۔ کامیاب اُمیدواروں کے نام مبارکبادی کے ایک پیغام میں گورنر نے اِن اُمیدواروں کی محنت اور کامیابی کی ستائش کرتے ہوئے اُن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ گورنر نے اِن اُمیدواروں پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض انتہائی تندہی اور لگن کے ساتھ انجام دے کر ہمیشہ عوام کی بہبود اور فلاح کو اپنا شعار بنائیں ۔ گورنر نے مزید کہا کہ اس اہم امتحان میں ان امیدواروں کی کامیابی نوجوان پود کیلئے ایک ترغیب ثابت ہو گی اور مزید نوجوان بھی اس امتحان میں شرکت کر کے اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑیں گے ۔ گورنر نے کامیاب امیدواروں کے والدین اور کنبوں کو بھی مبارکباد دی ہے ۔