گاندربل//سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر نے نونر کے سائنس کیمپس میں بائیوٹیکنالوجی، زولوجی، نباتات اور کیمسٹری کے نئے داخلہ لینے والے سائنس طلباء کے لئے پانچ نئی قائم شدہ لیبارٹریوں اور دو روزہ انڈکشن پروگرام کے تحت ویبنار کا افتتاح کیا۔اس موقع پرپروفیسر معراج الدین میر نے اپنے خطاب میں کہا کہ شعبہ زولوجی،بائیوٹیکنالوجی،کیمسٹری اور نباتات کی لیبارٹریاں جدید ترین آلات سے پوری طرح لیس ہیں جس سے تحقیقی اسکالرز اور طلباء کو بغیر کسی رکاوٹ کے اپنا عملی اور تحقیقی کام پورا کرنے میں مدد ملے گی۔پروفیسر معراج الدین میر نے نئے داخلہ لینے والے طلبہ کا پرتپاک استقبال کیا اور کہا،’’اساتذہ ، افسران اور دیگر عملہ طلبہ کو اپنے اپنے مطالعے کے شعبوں میں عمدہ کارکردگی کے حصول کے لئے ہر ممکن مدداور تعاون فراہم کریں گے۔‘‘انہوں نے کہا کہ سنٹرل یونیورسٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وقت پر سیمسٹر امتحانات کا انعقاد کراتے ہوئے مقررہ مدت میں نتائج کا اعلان کرتے ہیں.انہوں نے مزید کہا ،’’آب و ہوا اور حالات سے منسلک کئی چیلنجوں کا سامنا کرنے کے باوجود یونیورسٹی بغیر کسی تاخیر کے کامیابی کے ساتھ طلباء کی ڈگریاں مکمل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔‘‘پروفیسر میر نے طلبہ سے کہا کہ وہ غیر نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں جن میں تعلیمات کے شعبوں اور ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس ویلفیئر کے زیر اہتمام ہونے والے مباحثوں اور مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لئے حصہ لیا کرے۔.اس موقع پر یونیورسٹی میں نئے داخلہ لئے ہوئے طلباء کے ساتھ تعلیمی حصول کے لئے گفت و شنید بھی کی۔.یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ایم افضل زرگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے شامل ہوئے طلباء کو یونیورسٹی،شعبے اور فیکلٹی ممبران کے کام کاج کے بارے میں تفصیلی بصیرت اور تعارف فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی محاذ پر متعدد رکاوٹوں کا سامنا کرنے کے باوجود یونیورسٹی تعلیمی میدان میں آگے بڑھ رہی ہے۔.پروفیسر زرگر نے کہا کہ نئی قائم شدہ تجربہ گاہیں طلبا کو سائنسی تحقیق میں قابل بنائیں گی۔شعبہ سکول آف لائف سائنسز کے سربراہ پروفیسر ایم یوسف نے اپنے خطاب میں شعبہ کے کام کاج اور اس کے اہداف کو واضح کیا۔ انہوں نے نئے طلباء سے کہاکہ وہ اس یونیورسٹی میں قیام سے لطف اندوز ہوں اور ایک بہتر معاشرے کی تشکیل اور اس کے بعدسماج کی خدمت میں مدد کریں۔انہوں نے شرکا کو یونیورسٹی کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات اور پیش کردہ مختلف درس تدریس کورسوںسے بھی آگاہ کیا۔شعبہ اسکول آف فزیکل اینڈ کیمیکل سائنسز کے سربراہ پروفیسر ولی محمد شاہ نے خطاب کرتے ہوئے طلباء سے کامیابی کے حصول کے لئے سخت محنت کرنے کا کہا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد طلاب اس یونیورسٹی کے سفیر بن جاتے ہیں ،لہذا ان کے لئے ضروری تھا کہ وہ تمام سہولیات سے استفادہ کریں اور اپنے اپنے کیمپس میں قیام سے لطف اندوز ہوں۔.پروگرام کے افتتاح کے دوران تقریب کا آغاز اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر نوشین نے کیا جبکہ شکریہ کی تحریک ڈیپارٹمنٹ آف بائیوٹیکنالوجی کے ڈاکٹر عابد حامد نے پیش کی.بعد ازاں کشمیر یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر خورشید اندرابی اور ڈیپارٹمنٹ آف انوائرمینٹل سائنسز کشمیر یونیورسٹی کے سربراہ پروفیسر فیاض احمد بٹ،شعبہ اسکول آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سنٹرل یونیورسٹی کشمیر کے سربراہ ڈاکٹر احسن چشتی نے اس موقع پر خصوصی درس دیا۔
سینٹرل یونیورسٹی کی پانچ نئی تجربہ گاہوں کاافتتاح | وائس چانسلر کی طلاب کو غیرنصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی تلقین
