سرینگر// ڈائریکٹر جنرل پولیس جیل خانہ جات وی کے سنگھ نے بدھ کو سنٹرل جیل سرینگر کے اندر منشیات کے علاج کے ایک مرکز کی منظوری دے دی ۔حکام نے بتایاکہ ڈی جی پی سینٹرل جیل کے دورے پر تھے ،جہاں وہ قیدیوں کے لئے انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لے رہے تھے۔حکام نے بتایا’’منشیات کے استعمال کے معاملات میں بے تحاشا اضافے کے پیش نظر ، ڈی جی پی نے صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ ، سری نگر کے اشتراک سے سنٹرل جیل سری نگر میں منشیات کے علاج کے مرکز کے قیام کی منظوری دی۔‘‘ان کا کہنا تھا کہ متعدد عارضے میں مبتلا قیدیوں کے معاملے پر ڈی جی پی سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ انہوں نے سپرانٹنڈنٹ جیل اور میڈیکل عملہ کو ان افراد کو خصوصی علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی۔حکام نے بتایا کہ انہیں میڈیکل آفیسر نے جیل میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے کیے گئے احتیاطی اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔انہوں نے تمام بیرکوں ، اسپتال ، انٹرویو بلاک ، فلاحی بلاک ، قرنطینہ ، سی سی ٹی وی کنٹرول روم ، ویڈیو کانفرنسنگ کی سہولت ، باورچی خانے اور جیل کے دیگر حصوں کا معائنہ کیا۔