سرینگر//ریاست کے سینئرصحافی اور روزنامہ عقاب کے مدیراعلیٰ اورہفتہ روزہ نوائے جہلم کے کالم نگار منظورانجم کی والدہ جمعہ کوعلی الصبح اس دارفانی سے رحلت کرگئیں ۔مرحومہ کے انتقال پرصحافی برادری وانجمنوں اورمین اسٹریم ومزاحمتی لیڈروں نیزدیگرسیاسی وغیر سیاسی حلقوں نے گہرے رنج وغم کا اظہارکرتے ہوئے جملہ غمزدگان بالخصوص منظورانجم کیساتھ تعزیت کی ہے۔مرحومہ کی نمازجنازہ میں قریبی رشتہ داروں اور سماج کے مختلف طبقوں وحلقوں سے وابستہ افرادکی ایک بڑی تعدادشامل تھی۔ کشمیرایڈیٹرس گلڈ، کشمیر پریس کلب ،انجمن اُردوصحافت اور جموں وکشمیر پریس ایسوسی ایشن نے الگ الگ تعزیتی بیانات میں منظورانجم کیساتھ ہمدردی ،یکجہتی اورتعزیت ظاہرکرتے ہوئے دعاکی کہ اللہ تعالی مرحومہ کواپنی جواررحمت میں جگہ اورجملہ سوگواراں کویہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق وصلاحیت عطافرمائے۔ نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ کے علاوہ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی، سید الطاف بخاری نے صحافی منظورانجم کی والدہ کے انتقال پرِگہرے صدمے کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحومہ کے جملہ سوگواراں کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ علی محمد ساگر، ناصر اسلم وانی، آغا سید روح اللہ نے بھی منظورانجم کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔