ہر کلمہ خوان کے علم میں ملک کے مختلف علاقوں کے حالات ہیں۔ لوگ یہ بھی بہتر جانتے ہیں کہ ہمارا علاقہ سیلاب زدہ علاقہ اور قحط زدہ علاقہ ہے۔ اس علاقے کےرہنے والے مسلمان اور دیگر برادرانِ وطن سیلاب کی زد میں آکر بے گھر و بے سہارا ہوگئے ہیں۔ عالم یہ ہے کہ کھانے کو اناج ہے نہ رہنے کو گھر ۔ اتنا ہی نہیں بلکہ کئی متاثرین بے اولاد بھی ہوگئے، عورتیں بیوہ ہوگئیں، بچے یتیم ہوگئے ، اللّٰہ پاک کے بے شماربندے ایسے پڑے ہیں جن کے پاس کھانے کو کچھ ہے نہ پہننے کو کپڑے ،سر پہ چھت کا سایہ بھی نہیں ۔ ان بھائی بہنوں کے لئےجن کاکوئی کاروبار نہیں ، کہیں سے کوئی امدادبھی نہیں،بہنوں کے سر پر باپ یا بھائی یا بیٹے یا شوہر کا سایہ بھی نہیں ، ان ستم رسیدوں کے واسطے آپ کی خدمت میں ایک گزارش ہے کہ اللّٰہ پاک نے آپ کو اگر صاحب ِمال بنایاہے تو آپ اپنے مال کو بے جا خرچ نہ کریں، بس ضرورت کے تحت کم سے کم میں اپنی ذاتی چیزیں لیں ، اسی طرح سے اب عیدالاضحٰی بھی آنے والی ہے اور ہم پر واجب قربانی کے جانور خریدنے کی ذمہ داری بھی ہے ۔ آپ بیشک واجب قربانی ادا کریں مگر اس کے لئے جانور خریدنے میں زیادہ رقم بالکل بھی نہ لگائیں ، کم قیمت میں بھی عمدہ فربہ جانور قربانی کے اس وقت دستیاب ہیں۔ آپ کم قیمت کے ہی جانور خریدیں تاکہ پس انداز رقم کو ان متاثرین علاقو ں تک اور ان کے گھروں تک ، یتیم و بیوہ و بے اولادو بے گھر احباب تک پہنچائیں، کیو نکہ ان کو ابھی روح وتن کا رشتہ جوڑے رکھنے کے لئے بے انتہا رقم کی ضرورت ہے۔ اپیل یہ بھی ہے کہ نفلی قربانی نہ کرکے اس کی قیمت یا اس کا اناج ودیگر اجناس بھی متاثرین تک پہنچائیں ۔ یہ آپ کے لئے بہتر اجروثواب کا باعث ہوگا ۔ مگر آپ یہ خدائی خدمت اس طرح کریں کہ کسی کو خبر نہ ہو ، نام و نمود اور شہرت سے اپنے آپ کو بچا ئے رکھیں۔بہتر یہ ہوگا کہ آپ خود سےان کوا مداد دیں لیکن اگر آپ وہاںنہیں جاسکتے تو ایسے امانت دار شخص کو ضامن بنائیں جو آپ کی رقم یا امداوی مواد متاثریں تک پہونچائیں ۔اللّٰہ آپ کو بہتر جزا دے اور وہ آپ کا حامی و ناصر ہو ! آمین
امام مسجد، کاندر پاڑہ، دہیسر، ویسٹ، ممبئی۔ ٦٨
[email protected]>8898786685فون نمبر