اشتیاق ملک
ڈوڈہ// ضلع انتظامیہ نے مونسون کے دوران پہاڑی علاقوں میں بادل پھٹنے، اچانک آنے والے سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور ملبہ گرنے کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر عوام، سیاحوں اور یاتریوں کے لیے ایک جامع عوامی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ مون سون کے موسم میں بادل پھٹنے کے واقعات کسی بھی وقت اور بغیر کسی پیشگی اطلاع کے رونما ہو سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں اچانک سیلاب، سڑکوں کی بندش، لینڈ سلائیڈنگ، ملبہ گرنے اور جانی و مالی نقصان کا خدشہ رہتا ہے۔ایسے حالات میں شہریوں کا محتاط رہنا اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔ جاری کردہ ایڈوائزری میں عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ محکمہ موسمیات اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے موسمی انتباہات اور مشوروں پر مسلسل نظر رکھیں.۔شدید بارش کے دوران پہاڑی سڑکوں، ندی نالوں، دریا کناروں اور نشیبی علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں اور ہرگز پانی میں ڈوبی ہوئی سڑکوں، پلوں یا تیز بہاؤ والے نالوں کو عبور کرنے کی کوشش نہ کریں۔ انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ اگر پانی کی سطح اچانک بڑھنے لگے، تیز گرجنے جیسی آوازیں سنائی دیں یا لینڈ سلائیڈنگ کے آثار ظاہر ہوں تو فوراً محفوظ اور بلند مقام پر منتقل ہو جائیں. اسی طرح غیر مستحکم ڈھلوانوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں سے دور رہنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے. ایڈوائزری میں شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں، جس میں پینے کا پانی، خشک غذا، ضروری ادویات، ٹارچ، موبائل فون، پاور بینک اور اہم دستاویزات واٹر پروف بیگ میں محفوظ ہوں. ضلع انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس، ضلع انتظامیہ، ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف اور دیگر امدادی اداروں کی ہدایات پر مکمل عمل کریں، افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری شدہ مستند معلومات پر بھروسہ کریں. انتظامیہ نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر کہیں لینڈ سلائیڈنگ، سڑک بند ہونے، اچانک سیلاب یا کسی دیگر ہنگامی صورتحال کا مشاہدہ ہو تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی جائے تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے. سیاحوں اور امرناتھ یاترا سمیت دیگر مذہبی یاتریوں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور سرکاری ٹریول ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں. ضلع انتظامیہ ڈوڈہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں، ہر وقت چوکنا رہیں، پیشگی تیاری رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں.