الیکشن کمیشن پونچھ میں پیش آئے واقعات کی جانچ کرے :رانا
مینڈھر //پارلیمانی انتخابات 2019کے سلسلہ میں گزشتہ روز جموں پونچھ پارلیمانی حلقہ میں ہوئے انتخابات کے دوران نیم فوجی دستوں کے اہلکاروں کی جانب سے بھاجپا کی حمایت میں ووٹ ڈالنے کیلئے مجبور کئے جانے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس سنیئر لیڈر اور سابقہ ایم اے ایل مینڈھر جاوید رانا نے کہا ہے کہ سرحدی ضلع پونچھ کے پولنگ اسٹیشنوں پر پیش آئے واقعات کی جانچ کی جانی چاہیے ۔مینڈھر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے این سی لیڈر نے کہاکہ بھاجپا نیم فوجی دستوں کو انتخابات میں استعمال کر نا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی فوجی کام کاج میں مبینہ طور پر اپنا رول ادا کر رہے ہیں جبکہ سرحدی ضلع پونچھ کے متعدد پولنگ اسٹیشنوں پرپیش آئے واقعات سے صاف ظاہر ہوتاہے کہ بھاجپا اقتدار کیلئے کئی طرح کے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے ۔سابقہ ممبراسمبلی نے انتخابی عمل پر اپنے تاثرات کا اظہار کرے ہوئے کہا کہ ضلع پونچھ کے متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر الیکٹر نگ ووٹنگ مشینیں خراب تھیں جس کی وجہ سے لوگوں کو کئی گھنٹوں تک قطاروں میں رہنا پڑا جبکہ کئی افراد ووٹ نہیں ڈال سکے ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کو چاہیے تھا کہ لوگوں کو پولنگ کیلئے اضافی وقت دیا جائے تاہم ایسا نہیں کیا گیا ۔انہوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پولنگ اسٹیشنوں پر نیم فوجی دستوں کی جانب سے ووٹروں کو مخصوص پارٹی کے حق میں ووٹ ڈالنے کیلئے مجبو ر کرنے کے عمل کی باریک بینی سے جانچ کی جانی چاہیے تاکہ سچائی سامنے لائی جاسکے ۔
الیکشن کمیشن مشینوں کی خرابی کی تحقیقات کرے :عوام
بختیار حسین
سرنکوٹ//اسمبلی حلقہ سرنکوٹ کی عوام نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمانی انتخابات میں استعمال ہو نے والی الیکٹر نگ ووٹنگ مشینوں کی خرابی ودیگر معاملات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مانگ کی ہے کہ ان معاملات کی جانچ کی جائے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ خطہ پیر پنچال میں استعمال ہو نے والی مشینوں کے غیر معیاری ہونے کی وجہ سے ووٹروں کو کئی گھنٹوں تک قطاروں میں انتظار کرنا پڑا اور حق رائے دہی کا استعمال بھی نہیں کیاجاسکا ۔پنچایت حلقہ سیلاں کے سرپنچ فاروق احمد نے کہاکہ الیکٹرنگ ووٹنگ مشینوں میں آئی خرابی کی وجہ سے دو گھنٹوں تک ووتنگ متاثر رہی جبکہ اسی طرح دیگر کئی علا قوں بھی شکایات موصول ہو رہی ہیں ۔۔انھوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہاب عوام کو الیکٹر نگ ووٹنگ مشینوں پر بھروسہ ختم ہو گیا ہے ۔اسی طرح محمود خواجہ ،نوید خواجہ ودیگران نے بتایا کہ سرنکوٹ کے سیلاں صفیدہ ،مرہوٹ ،سانگالہ تڑا،سموٹ ماڑاکے ساتھ ساتھ دیگر کئی علا قوں میں ای وی ایم مشینوں کے خراب ہونے کی وجہ سے ووٹنگ متاثر رہی ۔مقامی لوگوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ الیکٹرنگ مشینوں کے کام کاج اور آئی خرابیوں کی جانچ کی جائے ۔
عوام کا معاملہ درج کرنے کا مطالبہ
جاوید اقبال
مینڈھر//گزشتہ روز پارلیمانی انتخابات کے دوران اسمبلی حلقہ مینڈھر کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر پیرا ملٹری فورسز کے اہلکاروں کی جانب سے ووٹروں کو ہراساںکرنے اور مخصوص پارٹی کے حق میں ووٹ ڈالنے پر مجبور کرنے کے عمل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے اپیل کی کہ سرحدی ضلع پونچھ میں پیش آئے معاملات کی جانچ کی جائے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کئی ایک پولنگ اسٹیشنوں پر تعینا اہلکاروں نے عوام کو ووٹ ڈالنے سے روکاجبکہ کئی جگہوں پر فوجی اہلکار مبینہ طو رپر مقامی ووٹروں کیساتھ الجھتے بھی رہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ بے شمار پولنگ سٹیشنوں کے اندر مشینوں میں بھی کئی قسم کی رکاوٹیں آئی اور کئی گھنٹوں تک لوگ ووٹ نہیں ڈال جا سکے جو کہ لوگوں کے ساتھ سراسر نا انصافی ہے۔لوگوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں کئی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائر ہو رہی ہیں جن میں پیر ا ملٹری کے رول کا جائزہ لیا جا سکتا ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابقہ ٹوپہ ہائی سکول میں فورسز نے ووٹروں پر لاٹھی چارج بھی کیا جس کے بعد فورسز کی جانب سے پولیس اسٹیشن مینڈھر میں ایک درخواست بھی درج کروائی گئی ہے ۔اسمبلی حلقہ کی عوام نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پیر ا ملٹری اہلکاروں کیخلاف ضابطہ اخلاق کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔