مینڈھر //متعدد سیاسی لیڈران نے مینڈھر سب ڈویژن کے کیری گلہوتہ علاقہ میں مقتول شہناز اختر کے والدین کیساتھ ملاقاتیں کر کے تعزیت کا اظہار کیا۔پی ڈی پی سنیئر لیڈر ایڈوکیٹ ندیم رفیق خان نے پارٹی کارکنوں کے ہمراہ مرحومہ کے والدین کیساتھ ملا قات کی ۔پی ڈی پی لیڈر نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ معاملہ میں ملوث سبھی افراد کی شناخت کر کے ان کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔اسی دوران نیشنل کانفرنس سنیئر لیڈر اور سابقہ ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید رانا نے کیری گلہوتہ علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے مقتول شہناز اختر کے والدین اور بچوں کیساتھ ملا قات کی ۔انہوں نے سوگوار خاندان کیساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دے کر اہل خانہ کو انصاف دینے کا مطالبہ کیا ۔موصوف نے کہاکہ پولیس بالخصو ص ایس ڈی پی او مینڈھر کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ وہ مذکورہ کیس کو حل کرنے کیلئے محنت و لگن کیساتھ کام کررہے ہیں ۔این سی لیڈر نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ پولیس جلد ہی نتیجے پر پہنچ کر قاتلوں کو سزا دلانے میں کامیاب ہو جائے گی ۔انہوں نے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے والدین کیساتھ تعزیت کا اظہار بھی کیا ۔این سی لیڈر نے کہاکہ اگر پولیس جلدازجلد قاتلوں کا پتہ لگاکر کارروائی کرتی ہے تو لوگوں کا اعتماد بحال رہے گا ۔