منڈی//ریاست کے مختلف مقامات کے ساتھ تحصیل منڈی میں بھی تازہ برف باری ہوئی جس کو دیکھ کر لطف اندوز ہونے کے لئے مختلف دور دراز علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے سنیچر کو منڈی کے بالائی علاقے لورن اور ساوجیاں کا رخ کیا ۔ضلع پونچھ کے قرب و جوار اور دور دراز کے علاقہ جات کے علاوہ ضلع راجوری سے بھی کثیر تعداد میں لوگ منڈی کے علاقہ لورن اور ساوجیاں پہنچے تھے جو قدرت کے مناظر سے لطف اندوز ہوئے۔ ان سیلانیوں کاکہناہے کہ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کا یہاں آنا خود میں ایک بڑی بات ہے اور اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے ریاستی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ سیاحت کے حوالے سے اس علاقہ کو مزید فروغ دیا جائے تاکہ آنے والے سیاحوں میں مزید اضافہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں پہنچ کر واپس جانے کا دل ہی نہیں کرتا اور ایسا لگتا ہے کہ جیسے یہ مقامات کشمیر کے مشہور خوبصورت مقامات کے برابر ہے ۔تحصیل منڈی کے مقامی لوگوں نے بھی اس حوالے سے ضلع و ریاستی انتظامیہ سے ان علاقوں میں سیاحت کے حوالے سے فروغ دینے کی اپیل کی اورکہاکہ لورن اور ساوجیاں ضلع پونچھ کے ایسے علاقہ جات ہیں جہاں موسمِ گرما اور سرما میں وادی کی طرح سیاح آ کر قدرتی حسن سے لطف اندوز ہوتے ہیں اس لئے ان علاقہ جات کو بھی وادی کی طرز پر سیاحت کے زمرے میں لایا جاجائے ۔