سری نگر//سیکریٹری سیاحت و ثقافت سرمد حفیظ نے محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام مختلف سیاحتی مقامات پر جاری مختلف منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔سیکرٹری سیاحت نے حضرت بل میں ملٹی لیئر پارکنگ کی تکمیل کی کام کی رفتار کا بھی جائزہ لیا جو 21 لاکھ روپے تخمینہ لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے ۔ اُنہوں نے منصوبے کو وقت پرمکمل کرنے کے لئے متعلقہ عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی ۔ اُنہوں نے گلمرگ میں کنونشن سینٹر تیار کرنے کی تفصیلات بھی طلب کیں اور اس منصوبے کو مکمل کرنے کی ہدایت دی۔سرمد حفیظ نے پہلگام کلب میں اَپ گریڈیشن کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور سوئمنگ پول اور بولنگ الی میں اپ گریڈیشن کرنے کی ہدایت دی۔سیکرٹری سیاحت نے مانسبل میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے بارے میں بھی تجویز طلب کی۔ سیکرٹری سیاحت کی ہدایت پر افسروں اور انجینئروں کی ٹیم نے گزشتہ ہفتے پلانٹ کا معائینہ کیا تھا۔اُنہوں نے ہاری پربت قلعے میں لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو پروجیکٹ کی جلد مکمل کرنے اور اس کے جلد کام شروع کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں منیجنگ ڈائریکٹر جے کے کیبل کار کارپوریشن ماجد خلیل درابو،منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ڈی ٹی سی نثار احمد وانی؛ ناظم سیاحت ، کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو اور دیگر اعلیٰ اَفسران نے شرکت کی۔