سرینگر//سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی نے مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پید ا کرنے کے علاوہ مہم جو سیاحت کی ترقی کے لئے طویل مدتی استحکام اور ماحول دوست مداخلت پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔وزیر موصوف کنسلٹنٹوں کی ایک میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے جو سوادش درشن سکیم کے تحت مہم جو سیاحتی سرکٹ کو ترقی دینے کا جائزہ لینے کے لئے منعقد کی گئی تھی۔وزیر کو بتایا گیا کہ ملک کے دیگر علاقوں کے علاوہ جموں وکشمیر کے سیاحتی مقامات کو سب سے زیادہ ترجیحی دی جاسکتی ہے تاکہ ریاست کے قدرتی اثاثوں کی طر ف سیاحت کے متعدد، باہمی اور پائیدار ماڈل کو ترقی دینے کے سلسلے میں مختلف کوششیں جاری ہیں۔کنسلٹنٹوں نے اس موقعہ پرایک تفصیلی پاور پوائنٹ پرزنٹیشن پیش کی اور وزیر کو بسوہلی ، سرتھل،بغلیہار ڈیم ، نگروٹہ ، اکھنور، ریاسی، یوسمرگ، گلمرگ اور وادی گریز کو مہم جو سیاحتی مقامات کے طور ترقی دینے کے سلسلے میں تیار کئے گئے منصوبے کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر کو مزید بتایا گیا ریاست کے لئے پی ایم ڈی پی ۔1 سوادش درشن سکیم کے تحت حکومت ہند نے 6پروجیکٹوں کے لئے 569.19 کروڑ روپے منظور کئے ہیں جن میں سے 113.83 کروڑ روپے واگزار کئے گئے ہیں۔سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ ، ناظم سیاحت کشمیر محمود اے شاہ ، کنسلنٹنٹ و متعلقہ افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔