سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ کی صدارت کر کے جموںوکشمیر یوٹی میں سیاحتی شعبے کے زیرِ اِلتوأ منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران جے کے پی سی سی کے ذریعے انجام دی جانے والے اَمور اور سکیموںپرغورو خوض ہوا ۔ مشیر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اِن منصوبوں کی مؤثر عمل آوری کو یقینی بنائیں تاکہ وقت پر نتائج کو حاصل کیا جاسکے۔پی آر اے ایس اے ڈی سکیم کے تحت حضرت بل کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے دوران سیر حاصل بحث ہوئی ۔ مشیر موصوف نے کاموں کی رفتارمیں تیزی لانے اور اَفسران کو ہنگامی بنیادوں پر حائل رُکاوٹوں کو دورکرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے کہا کہ حضرت بل منصوبوں میں ملٹی لیول میکانائزڈ کار پارکنگ ، شاپنگ کیوسکس ( بنگری مارکیٹ ) اور عوامی سہولیت بلاک شامل ہیں۔مشیر موصوف نے حضرت بل کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے لئے ٹائم لائن مقرر کرکے اَفسران کو 31اگست تک منصوبے کو مکمل کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے اننت ناگ ۔پہلگام ۔ڈکسم سرکٹ کی ترقی کے بارے میں ہر ایک اجزأ کے لئے ٹائم لائنز مقرر کیںاور اَفسران کو منصوبوں میں سرعت لانے کی ہدایت دی تاکہ ہر منصوبے کی تکمیل مقرر مدت میں ہوسکے۔مشیربصیر خان نے 30 نومبرتک منصوبے کو مکمل کرنے کی ڈایڈ لائن مقرر کی ۔مشیر بصیر خان نے ترال میں سیاحتی سہولیات 20 دِن کے اَندر مکمل کرنے کے لئے بھی ٹائم لائن مقرر کی ۔میٹنگ میں بتایا گیاکہ ٹورسٹ ریسیپشن سینٹر ترال پر 80 فی صد کام مکمل ہوچکا ہے اورباقی کام جلد ہی مکمل کیا جائے گا۔مشیر موصوف کو اننت ناگ میں سیاحتی سہولیت کی ترقی کے حوالے سے جانکاری دی گئی کہ مختلف اجزأ پر 60 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور باقی کام کو مکمل کرنے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔اننت ناگ میں سیاحتی سہولیات کی ترقی میں ٹورسٹ ریسیپشن سینٹر ہرناگ، ٹورسٹ فیسلٹیشن سینٹر ، زمین کی تزئین و آرائش وغیرہ شامل ہیں۔اُنہوں نے سودیش درشن سکیم کے ہمالیہ سرکٹ کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا ۔ صوبہ جموں کے جو منصوبے زیر بحث آئے ہیں ان میں جامع مانسر کا بحالی منصوبہ ، بکرم چوک ریلوے سٹیشن ، پرمنڈل اور اتر بھینی اور پی ایم ڈی پی کے تحت دیگر منصوبے شامل ہیں۔مشیر بصیر خان نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ مؤثر نتائج کے حصول کے لئے ہفتہ وار بنیادوں پر کاموں کی پیش رفت کی رپورٹ پیش کریں۔میٹنگ میں کام کی جگہوں پر موجودہ کووِڈ۔19 وَبائی امراض کے پیش نظر حکومت کی جانب سے جاری کردہ آپریٹنگ پروٹوکال پر سختی سے عمل پیرا رہیں۔میٹنگ میں سیکرٹری سیاحت ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے پی سی سی ،ناظم سیاحت کشمیر ، ناظم سیاحت جموں ، منیجنگ ڈائریکٹر جے اینڈ کے کیبل کار کارپوریشن اور جنرل منیجر جے کے پی سی سی نے شرکت کی۔