سرینگر//مشہور سیاحتی مقام یوسمرگ میں کھیلوں کا اہتمام کیاگیا جس میں نجی سکول کے طالب علموںنے بڑھ چڑھ حصہ لیا۔ ادھر عوامی حلقوں نے یوسمرگ میں سرمائی کھیلوں کے انعقاد کرنے کی مانگ کی ہے۔ یوسمرگ میںایرک بسکو اسکول پکھر پورہ نے پہلی بار کھیلوں کا اہتمام کیا جس کے دوران بچوں نے برف پر مختلف کھیلوں میں شرکت کی۔ اس موقعہ پر ملکی و مقامی سیاحوں نے دن بھر جاری رہنے والے ان کھیلوں کا بھر پور لطف اُٹھایا اور تالیاں بجا کر بچوں کی حوصلہ افزائی کی ۔ ایرک بسکو اسکول پکھر پورہ کے چیئر مین شیراز احمد کے علاوہ اسکول کا دیگرعملہ بھی موجود تھا۔پکھر پورہ پولیس تھانہ کے آفیسر مدثر احمد نے کھیلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑ یوں میں انعام تقسیم کئے۔ ادھر عوامی حلقوں نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ یوسمرگ کی طرف توجہ دیکر وادی کے دوسر ے سیاحتی مقامات کی طرح یہاں بھی سر مائی کھیلوں کا آغاز کیا جائے تاکہ علاقے کے نوجوان کھلاڑی اپنی ذہانت کے جوہر دکھاسکیں۔اس سلسلے میں نوجوان کھلاڑیوں نے بھی مانگ کی ہے کہ یہاں ہر سال بالخصوص موسم سرما میں سرمائی کھیلوں کا اہتمام کیا جائے تاکہ علاقے میں روز گار کے علاوہ نوجوان کھلاڑی یوٹی اور ملکی سطح پر ا پنا لو ہا منوا سکے۔