سری نگر//پولیس کے صوبائی سربراہ وجے کمار نے جمعہ کے روز یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں کشمیروادی کی مجموعی سلامتی صورتحال کاجائزہ لیا ۔انہوں نے سیاحتی سیزن کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کوایک چیلنج قرار دیتے ہوئے کہاکہ امن مخالف عناصر اورگروپوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنا لازمی ہے ۔جے کے این ایس کومعلوم ہواکہ پولیس کنٹرول روم کشمیرواقع سری نگرمیں جمعہ کے روز سیکورٹی سے متعلق ایک جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی ،جس کی صدارت انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر زون وجے کمار نے کی اورمیٹنگ کے دوران کشمیر میں سیکورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔اجلاس کے آغاز پر ، آئی جی پی کشمیر کو افسران نے وادی میں پرامن ماحول اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے ان کے اختیار کردہ مختلف حفاظتی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے زمینی سطح پر درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ان کے شروع کردہ اقدامات کا جائزہ بھی پیش کیا۔ آئی جی پی کشمیروجے کمار کو موسم گرما کے پیش نظرکئے گئے حفاظتی اقدامات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔انہوں نے کہاکہ امسال موسم گرمامیں سیاحوں کی بڑی تعداد کشمیرآسکتی ہے ،اسلئے یہاں اس سیاحتی سیزن کیلئے سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں ۔پولیس وفورسزافسران سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پی کشمیر نے وادی میں انسداد جنگجویت کارروائیوں کے علاوہ امن و امان کی بحالی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے افسران پر زمینی سطح پر مختلف سیکورٹی اداروں کے مابین بہتر ہم آہنگی اور ہم آہنگی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔پولیس کے صوبائی سربراہ وجے کمارنے پولیس وفورسزافسران پر زور دیا کہ وہ عمومی سیکورٹی گرڈ کو مستحکم کریں اور وادی میں امن کو یقینی بنائیں۔ آئی جی پی کشمیر نے پولیس اور سیکورٹی فورسز کے افسران کی اپنے فرائض کے بارے میں وابستگی اور امن و امان کی بحالی میں اور انسداد دہشت گردی کے کامیاب کاروائیوں میں بغیر کسی جانی نقصان کے ان کی تعریف کی۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وادی میں پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لئے اس طرح کی کوششوں اور ہم آہنگی کو جاری رکھنا چاہئے۔سیاحتی سیزن کے پیش نظر سیکورٹی کے سلسلے میں چیلنجوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پولیس کے صوبائی سربراہ وجے کمار نے سیکورٹی حکام پر زور دیا کہ وہ حالات کو پوری احتیاط کے ساتھ نپٹائیں تاکہ ملک دشمن اور سماج دشمن عناصر کو موجودہ پرامن ماحول کو خراب کرنے کا موقع نہ ملے۔آئی جی پی کشمیر نے مزید کہا کہ پرامن ماحول کو خراب کرنے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے تحت سختی سے نمٹا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی جن میں مصیبت سازی پیداکرنے والے اور افواہیں پھیلانے والے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے تمام اضلاع ایس ایس پی کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں انسدادشدت پسندی کی کارروائیوں میں اضافہ کریں اور مقامی جنگجوئوں کے ہتھیار ڈالنے کی ترغیب دینے کے لئے تمام فعال اقدامات بھی کریں۔