جموں//قومی یوم رائے دہندگان کی تقریبات جموں کشمیر میںلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت میں منائی گئیں ۔ انہوں نے ریل ہیڈ کمپلیکس جموں میں نرواچن بھون کا افتتاح کیا اور وہاں موجود افسران اور ملازمین کو قومی یومِ رائے دہندگان کا عہد دلایا ۔ افسران کی انتخابی عمل میں بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ رائے دہندگان کو اپنے حقِ رائے دہی کے استعمال سے متعلق ضروری جانکاری دینا نہایت ہی اہم ہے تا کہ جمہوری نظام مستحکم ہو سکے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے انتخابی مشینری کو الیکشن کمیشن کے یومِ تاسیس کی تقریبات کے موقعہ پر مبارکباد دی ۔ کمیونی کیشن ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کر کے رائے دہندگان کو جانکاری دینے پر زور دیتے ہو ئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ امسال قومی یومِ رائے دہندگان کا مرکزی خیال ’’ رائے دہندگان کو بااختیار، چوکس، محفوظ ،مطلع رکھنا ہے ‘‘ ۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کشمیر کے عوام بالخصوص پہلی مرتبہ اپنی حقِ رائے دہی کا استعمال کرنے والوں ، جموں اینڈ کشمیر الیکشن کمیشن ، حفاظتی دستوں ، ڈیوٹی پر تعینات افسران ، ملازمین کو کامیاب پُر امن آزادانہ و غیر جانبدارانہ ڈی ڈی سی ، پنچایت اور میونسپل اداروں کے انتخابات کیلئے مبارکباد دی ۔ سہ سطحی پنچایتی راج نظام کو ترقی کا انجن قرار دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یو ٹی میں پہلی مرتبہ سہ سطحی پنچایتی راج نظام کے قیام سے ترقی کی رفتار میں سرعت آئی ہے ۔ جس سے جموں کشمیر کیلئے ترقی کی ایک راہ ہموار ہوئی ہے ۔ جموں کشمیر کے منتخب نمائندگان نے جموں کشمیر کی حکومت کی کوششوں ، سکیموں اور منصوبوں سے جموں کشمیر کے ہر گھر کی فلاح و بہبود کیلئے راہ ہموار ہو گی اور یو ٹی ترقی کی نئی اونچائیوں تک پہنچے گی ۔ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کا ذکر کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حقِ رائے دہی جمہوریت کا ستون ہے اور اگر کسی کو اس حق سے محروم رکھا جائے تو وہ جمہوریت کی نفی ہو گی ۔ مشیر فاروق خان نے قومی یومِ رائے دہندگان منانے کی افادیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے حال ہی میں منعقدہ ڈی ڈی سی انتخابات کو جموں کشمیر کی تاریخ کا ایک سنگِ میل قرار دیا اور الیکشن کمیشن اور انتخابات کے کامیاب انعقاد میں شامل دیگر اداروں کو سراہا ۔ اس موقعہ پر چیف الیکٹورل افسر جے اینڈ کے ہردیش کمار نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔