کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کی پنچایت سگدی کے علاقہ پہلگام کی عوام اس دورجدید میں بھی سڑک جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہے جسکے سبب عوام کو کئی کلومیٹر پیدل سفر کرنا پڑتاہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ پہلگام ، حاجی کھو، دایڈ ، گوجر نالہ ، گرھٹناڈ، و دیگر علاقہ جات کی کی ہزار وں کی آبادی سڑک رابطے سے محروم ہے اور انہیں سات کلومیٹر سے زائد پیدل سفر کرنا پڑتا ہے اور ہر سامان کو کاندھوں پر اٹھاکر لانا پڑتا ہے جبکہ مریضوں کو کندھوں پر اٹھاکر کر سڑک تک پہنچایا جاتا ہے اوربچوں کو اسکول جانے کیلئے بھی پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔انھوں نے بتایا کہ الیکشن کے دوران سیاسی لیڈران علاقے میں آ کر لوگوں کے ساتھ وعدے کرتے ہیں اور پھر دوبارہ کبھی ان علاقوں میں دکھائی نہیں دیتے ہیں۔ان کا کہناتھاکہ اگرچہ ہر جگہ سڑک پہنچائی گئی تو انہیں کیونکر اس سے محروم رکھا گیاہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ نہ ہی ضلع انتظامیہ ان کے مسائل کی جانب کوئی دھیان دے رہی ہے اور نہ ہی سرکار ۔انہوں نے کہا کہ اگر انکے مسائل کو حل نہیں کیا گیا تووہ سڑکوں پر اتر کر احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ انکے مسائل جلد از جلد حل کئے جائیں اور انہیں سڑک رابطہ فراہم کیاجائے۔
سگدی پہلگام کی عوام اکیسویں صدی میں بھی سڑک رابطے سے محروم
