سرینگر// کورونا لہر میں اضافے کے نتیجے میں سرکار کی جانب سے تعلیمی اداروں کو بند کرنے کے اعلان کے بعد پیر کو پہلی جماعت سے12ویں جماعت تک تمام اسکولوں میں تدریسی کام کاج بند رہا۔جموں کشمیر میں سرمائی تعطیلات کے بعد مارچ میں اسکول کھل گئے تھے جبکہ بیشتر اسکولوں میں جفت و طاق کی بنیادوں پر طلاب کیلئے درس و تدریس کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا،تاہم کورونا میں ایک بار پھر بھیانک اضافہ کے پیش نظر سرکار نے وادی اور جموں صوبوں میں اسکولوں کو بند کرنے کا اعلان کیا۔ 3اپریل کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے سماجی رابطہ گاہ ٹیوٹر پر یہ اطلاع دی گئی کہ جموں کشمیر میں یکم سے9جماعت کیلئے2 ہفتوں یعنی 18اپریل تک جبکہ 10ویںسے12ویں جماعت تک کیلئے ایک ہفتے یعنی اگلی اتوار تک اسکول بند کئے جا رہے ہیں۔ بعد میںناظم تعلیم کی جانب سے باضابطہ حکم نامہ بھی جاری کیا گیا۔ حکم نامہ کے پیش نظر پیر کو تمام سرکار و نجی اسکول بندرہے،تاہم سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری بدستور جاری رہی۔ وادی میں مارچ میں قریب ڈیڑھ سال کے بعد اسکول کھل گئے تھے تاہم ایک بار پھر اسکول بند ہونے کے نتیجے میں طلاب گھرئوں میں ہی محصور ہوگئے ہیں۔