سکولوں کو کھولنے کی ہدایت جاری کی جائیں :بار

پونچھ// بار ایسوسی ایشن پونچھ نے ضلع پونچھ میں سکول کھولنے کا گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے۔پونچھ میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران بار اراکین نے ایل جی انتظامیہ سے پرزور اپیل کی کہ اب سکول کھولے جائیں جو کووڈ 19 کی وجہ سے پچھلے تین سالوں سے بند ہیں۔انہوں نے کہا طلباء کا مستقبل تاریک ہوتا جا رہا ہے جو ہماری قوم کی بنیاد ہیں۔ اس موقع پر ایڈوکیٹ ماجد خان نائب صدر بار ایسوسی ایشن پونچھ، ایڈوکیٹ بھانو پرتاپ سیکرٹری بار ایسوسی ایشن پونچھ، ایڈووکیٹ طاہر محمود، ایڈووکیٹ محمود شاہ نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے زندگی کے ہر شعبہ سے اداروں کو کھولنے کی چھوٹ دی گئی ہے۔ تعلیمی اداروں کو لگاتار بند رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے بچے تعلیم سے محروم ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن کلاس آف لائن کلاسوں کا متبادل نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا کہ والدین کو مجبورا آن لائن کلاس کے لئے بچوں کو موبائل فون دینے پڑ رہے ہیں جو بچوں کے لیے نہایت خطرناک ہے۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر ایس کے سنہا  سے اپیل کی کہ وہ اسکولوں کو فوری کھولنے کی ہدایت جاری کریں۔