سرینگر// نجی اسکولوں کی انجمنوں کے ایک مشترکہ اتحاد جموں کشمیر ایجوکیشن چیمبر نے حکومت کو فوری طور پر اسکولوں کو کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکولوں کے مسلسل بند ہونے سے سماجی،نفسیاتی اور تدریسی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 2019سے اسکول بند ہیں اور سرکار میں کوئی بھی اسکولوں کو کھولنے کیلئے نقشہ راہ لیکر سامنے نہیں آرہا ہے۔ ایجوکیشن چیمبر کے ترجمان نے کہا’’ ہر ایک ماہر تعلیم کا کہنا ہے کہ کلاسوں میں درس و تدریس کا کوئی بھی متبادل نہیں ہوسکتا اور آن لائن کلاس بہت سارے مسائل پیدا کر رہے ہیں،اگر اسکولوں کو فوری طور پر نہیں کو کھولا گیا تو طلاب کا مستقبل دائو پر لگ جائے گا‘‘۔ فیس کو مقرر کرنے کے معاملے پر چیمبر نے کہا کہ فیس متعین کرنے والی کمیٹی کے پاس فائیلوں کو التواء میں رکھنے سے اسکول منتظمین اور والدین میں تشویش پیدا ہوگئی ہے۔ان کا کہنا تھا’’ حال ہی میں فیس متعین کرنے والی کمیٹی نے کہا کہ اسکول فائلوں کو پیش نہیں کر رہے ہیں،مگر حقیقت یہ ہے کہ اسکول متواتر طور پر فیس کا معاملہ بالخصوص ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کرنے کیلئے اپنی فائلوں کو جمع کر رہے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ اسکول ایسو سی ایشن یہ مسائل حال کرنے کیلئے کئی بار فیس مقرر کرنے والی کمیٹی کے ساتھ ملاقی ہوئی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ شعبے میں اسکولوں کے پاس ڈرائیور،کنڈیکٹر اور دیگر اخراجات ہیںاور ان تمام چیزوں کو مد نظر رکھتے ہوئے’’ ہم فیس مقرر کرنے والی کمیٹی سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ عمومی حکم نامہ جاری کرے،تاکہ یہ مسائل ہمیشہ کیلئے حل ہوںجس کا ہنوز انتظار ہے‘‘۔ ایجوکیشن چیمبر نے کہا کہ اصل حقیقت یہ ہے کہ جب اسکول منتظمین فیس مقرر کرنے والی کمیٹی کے پاس فائلوں کو لیکر جاتے ہیں تو وہ یہ کہہ کر لینے سے انکار کرتے ہیں کہ پہلے پرانی فائلوں کو منظور کیا جائے اس کے بعد ہی نئی فائلوں کو لیا جائے گا،تاہم فی الوقت نہ ہی پرانی فائلوں کو مکمل کیا جا رہا ہے اور نہ ہی نئی فائلوں کو لیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اسکول فیس متعین کرنے والی کمیٹی کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں تاہم مذکورہ کمیٹی کی سست رفتاری سے فائلوں کا انبار جمع ہوگیا ہے۔ ایجوکیشن چیمبر نے حال ہی میں سماجی میڈیا پر اسکولوں کو بدنام کرنے کی کوشش پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فیس مقرر کرنے والی کمیٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ سرکاری حکم ناموں کو اسکولوں تک پہنچنے سے قبل سماجی میڈیا پر مشتہر ہونے کے عمل کا تدارک کریں۔