سرینگر//جموں و کشمیر حکومت نے سرمائی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے جو 8ویں جماعت تک 6دسمبر اور 12ویں تک 13دسمبر سے شروع ہونگی۔ محکمہ تعلیم کے پرنسپل سیکریٹری بسوا جیت کمار سنگھ نے کہا کہ اس ضمن میں بدھ کو باضابطہ طور پر احکامات صادر کئے جائیں گے۔انکا کہنا تھا کہ شدید سردی کی لہر برقرار رکھنے کے پیش نظر محکمہ نے 12ویں جماعت تک کے طلاب کیلئے جموں اور سرینگر میں تعطیلات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن نے جو تجویز بھیج دی تھی اس کے مطابق وادی میں سبھی سرکاری و پرائیویٹ سکول آٹھویں جماعت تک6 دسمبر سے28 فروری تک موسم سرما کی تعطیلات کیلئے بند رہیں گے۔جبکہ 9ویں سے 12ویں جماعت تک 13 دسمبر سے 28 فروری تک تعطیلات ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور نجی شعبے کے اسکولوں کو سردیوں کی تعطیلات کے لیے اداروں کو بند کرنے سے پہلے اپنے جاری آن لائن امتحانات مکمل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔اسکولوں کو جاری آن لائن امتحانات مکمل کرنے کی اجازت دی جائے گی تاکہ یہ اگلے سال تک زیر التوانہ رہیں۔ لیکن کسی بھی اسکول کو طلبہ کا کلاس ورک جاری رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اگر اسکولوں میں کوئی جاری امتحانات نہیں ہیں، تو انہیں موسم سرما کی تعطیلات کے کیلنڈر پر عمل کرنا چاہیے۔