عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میںپہلی مرتبہ بون میرو ٹرانسپلانٹ کی کامیابی کیساتھ جراحی کی گئی۔سب سے پیچیدہ جراحی ایک 8ماہ کے نوزائد بچے کی کی گئی۔مذکورہ بچے میں ڈاکٹروں نے ایچ ایل ایچ ( Hemophagocytic Lymphohistiocytosis )کی تصدق کی تھی جو مدافعتی نظام کی ایک جان لیوا بیماری ہے۔ بچہ مدافعتی نظام کی ایک ایسی بیماری سے جوج رہا تھا جس میں معدافتی نظام ہمیشہ سرگرم رہتا ہے جس کی وجہ سے لگاتار بخار، مختلف اعضاء کا متاثر ہونا اور جان لیوا علامات کا ظاہر ہونا ہے۔ اس بیماری کا واحد علاجHematopoietic Stem Cell Transplantation ہوتا ہے۔ اس کے بغیر بچنے کا چانس نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔ کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے شعبہ کلینکل ہیمٹولوجی کے سربراہ ڈاکٹر پروفیسر سجاد احمد گیلانی نے بتایا ’’تشخیص کے بعد ایک موثر منصوبہ کی مدد سے بون میرو کا ٹرانسپلانٹ مکمل کیاگیا ۔
ڈاکٹر سجاد نے مزید بتایا کہ یہ جراحی سکمز صورہ میں ایک اور سنگ میل کے برابر ہے اور یہ جراحی سکمز میں ڈاکٹروں کا مشکل جراحیوں کو انجام دینے کی صلاحیت کا عکاس ہے۔ اس موقع پر شعبہ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ریشما روشن نے بتایا کہ نوزائد بچے میں ٹرانسلانٹ ایک منفرد جراحی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جراحی سکمز میں ماہر ڈاکٹروں، جدید بنیادی ڈھانچے اور مریضوں کیلئے موجود طبی نگہداشت کی ایک منفرد مثال ہے۔ بچے کی گھر رخصتی پر ڈائریکٹر سکمز محمد اشرف گنائی نے اس کے والدین کے ساتھ بات چیت کی جنہوں نے جراحی کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ ڈائریکٹر سکمز نے ٹرانسپلانٹ کرانے والی پوری ٹیم کومبارک باد بھی دی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سکمز نے شعبہ امراض اطفال کے ماہرین ڈاکٹر زبیر مشتاق ترمبو اور دیگر شعبہ جات کے ماہرین کی بھی سراہنا کی ۔