سرینگر //شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں کام کرنے والے 26فیکلٹی ممبران اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان نے چیف سیکریٹری کے نام میں ایک مکتوب میں نئے ڈائریکٹر کے عہدہ کیلئے مطلوبہ قواعد و ضوابط پر عمل کرنے کیلئے کہا ہے جس کیلئے سب سے پہلے اشتہارات مشتہرکیا جائے۔فیکلٹی ممبران نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ سکمز کے موجودہ ڈائریکٹر اے جی آہنگر 25جون 2021کو سبکدوش ہورہے ہیں اور ڈائریکٹر کے عہدے کی اسامیوں کیلئے درخواستیں دینے کا عمل وقت پر مکمل ہونا چاہئے تھا لیکن ایسا ابتک نہیں ہوا ہے۔ فیکلٹی ممبران نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ نئے ڈائریکٹرکے عہدہ کیلئے نوٹیفیکیشن جاری ہونا چاہئے تاکہ فیکلٹی کے تمام ممبران کو مذکورہ عہدے کیلئے درخواست جمع کرنے کا موقع مل سکے۔فیکلٹی ممبران نے خط میں مزید لکھا ہے کہ اگر نئے ڈائریکٹر کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی تو اس سے نہ صرف وہ ترقی پانے سے محروم ہونگے بلکہ اس کا سیدھا اثر مریضوں کی دیکھ ریکھ اور سکمز کی کارگردگی پر پڑے گا۔ مکتوب میں چیف سیکریٹری( سلیکن کمیٹی کے سربراہ) سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ڈائریکٹر کے عہدے کو پر کرنے کیلئے نوٹیفکیشن جاری کرے ۔