گول//ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن شوکت اعجاز بٹ نے آج برف باری کے با وجود گول سب ڈویژن کے مہا کنڈ علاقہ کا دورہ کیا ۔ اس دوران انہوں نے راستے میں بہت سارے وفود سے بھی ملاقاتیں کیں اور مہا کنڈ میں ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا ۔ دربار سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن شوکت اعجاز بٹ نے کہا کہ سڑکیں ، بجلی ، سکول ، ہسپتال اور پانی حکومت کی ترجیح میں شامل ہے ۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مسائل سرکار تک پہنچائیں گے اور انہیں حل کیا جائے گا ۔ ڈی سی موصوف نے بہت سارے مسائل موقعہ پر ہی حل کئے ۔ اس موقعہ پر انہوں نے مہا کنڈ میں ایک شیپ فارم ، ہائی ڈینسٹی باغ لگوانے کا بھی اعلان کیا ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن نے کہا کہ باغبانی کو فروغ دینے کے لئے ہم نے پنچایت سے بھی رابطہ قائم کیا ہے اور سرپنچوں اور پنچوں کو چاہئے کہ وہ ایسی اراضی کو دیکھیں جہاں پر اس طرح کے باغ لگوائے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ یہاں پر ان منصوبوں کے لئے اراضی دیکھیں تا کہ یہاں پر ان منصوبوں کو عملایا جا سکے جس سے غریب عوام کو فائدپ پہنچے گا ۔اجلاس میں ڈی سی موصوف نے مہاکنڈ میں تین نئے ٹرانسفارمر دینے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ آج کل موسم خراب ہے اور اس سلسلے میں ہم نے کنٹرول روم قائم کئے ہیں ، عوام کو چاہئے کہ اپنے مسائل تحصیلدار متعلقہ سے رابطہ کر کے اپنے مسائل اُن تک پہنچائیں ۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر کی آمد پر مقامی لوگوں نے کافی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقعہ ہے کہ اس دور دراز علاقے میں ڈی سی آیا ،آج سے کبھی بھی یہاں پر کوئی ڈی سی نہیں آیا جس وجہ سے لوگ کافی خوش ہیں اور امید کرتے ہیں کہ اُن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔ اس موقعہ پر تحصیلدار گول ، نائب تحصیلدار سنگلدان ، نائب تحصیلدار داڑم کے علاوہ دوسرے آفیسران بھی موجود تھے ۔